پارٹی میں داخلی خلفشار کا واضح ثبوت ، کومٹ ریڈی راجگوپال ریڈی کے اعتراض کو مہیش کمار گوڑ کی حمایت
حیدرآباد۔یکم۔جولائی (سیاست نیوز) رکن اسمبلی کانگریس کومٹ ریڈی راجگوپال ریڈی کی چیف منسٹر اے ریونت ریڈی کے ضلع نلگنڈہ میں منعقدہ پروگرام میں عدم شرکت اور اب یدادری مندر کے بورڈ کی تشکیل کے معاملہ میں ان سے مشاورت نہ کئے جانے پر شدید اعتراض کو صدر پردیش کانگریس رکن قانون ساز کونسل مسٹر مہیش کمار گوڑ کی حمایت کے بعد کانگریس میں داخلی خلفشار کھل کر سامنے آنے لگا ہے۔ کانگریس پارٹی میں حقیقی کانگریسی اور دوسری سیاسی جماعتوں سے کانگریس میں شمولیت اختیا رکرنے والوں کے درمیان پیدا ہونے والے اختلافات میں تیزی سے اضافہ ہونے لگا ہے اور کہا جارہاہے کہ چیف منسٹر اے ریونت ریڈی اور دیگر سیاسی جماعتوں سے کانگریس میں شمولیت اختیار کرنے والے قائدین کی من مانی پر حقیقی کانگریس قائدین کی جانب سے مسلسل اعتراض کیا جانے لگا ہے۔رکن اسمبلی منوگوڑو مسٹر کومٹ ریڈی راجگوپال ریڈی نے یادگیری گٹہ مندر بورڈ کی تشکیل پر شدید اعتراض کرتے ہوئے کہا کہ وہ ضلع نلگنڈہ کے حلقہ اسمبلی سے تعلق رکھتے ہیں اور ضلع نلگنڈہ میں موجود مندر کے بورڈ کی تشکیل سے متعلق ان سے مشاورت نہیں کی گئی اور نہ ہی ان کے حلقہ سے تعلق رکھنے والے کسی فرد کو بورڈ میں نمائندگی دی گئی ۔ انہوں نے حکومت کے اس فیصلہ کو بنیادی طور پر غلط قرار دیا اور کہا کہ کانگریس میں ’’نئے چہروں‘‘ کو دی جانے والی اہمیت پارٹی کے سینیئر قائدین کو ناراض کرنے کا سبب بن رہی ہے۔ صدرپردیش کانگریس مسٹر مہیش کمار گوڑ نے رکن اسمبلی منوگوڑوکے اس بیان کا دفاع کرتے ہوئے کہا کہ وہ مقامی رکن اسمبلی ہیں ان سے اس سلسلہ میں مشاورت کی جانی چاہئے تھی۔ انہوں نے کہا کہ مسٹر کومٹ ریڈی راجگوپال ریڈی کا جو اعتراضـ ہے وہ واجبی ہے اسے غیر واجبی قرار نہیں دیا جاسکتا۔واضح رہے کہ مسٹر کومٹ ریڈی راجگوپال ریڈی نے گذشتہ دنوں شاہراہوں کی توسیع اور تلنگانہ کی شاہراہوں کو جوڑنے سے متعلق تقریب جو کہ ضلع نلگنڈہ میں منعقد ہوئی تھی اس میں شرکت نہیں کی تھی اور جب ان سے دریافت کیا گیا تو انہوں نے واضح طور پر کہا تھا کہ انہوں نے اس تقریب میں جان بوجھ کر شرکت نہیں کی ہے۔رکن اسمبلی منوگوڑو کے اعتراض کو صدر پردیش کانگریس کی حمایت حاصل ہونے کے بعد کہا جا رہاہے کہ کانگریس میں جاری داخلی خلفشار میں آئندہ دنوں کے دوران مزید شدت پیدا ہوسکتی ہے اور ناراض قائدین اپنا علحدہ محاذ تیار کرسکتے ہیں۔3/m/b