ایک تولہ سونا ، خواتین کو ماہانہ ڈھائی ہزار مالی امداد ، بیروزگار نوجوانوں کو ماہانہ 4 ہزار بیروزگاری بھتہ فراموش
حیدرآباد ۔ 25 ۔ جون : ( سیاست نیوز) : بی آر ایس کے ورکنگ پریسیڈنٹ کے ٹی آر نے کانگریس حکومت اور چیف منسٹر ریونت ریڈی کو سخت تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے کہا کہ کانگریس کے انتخابی منشور بالخصوص چھ ضمانتوں کو حکومت تشکیل دیتے ہی اندرون 100 دن پورے کرنے کا وعدہ کیا گیا تھا ۔ کانگریس حکومت کے اب 900 دن مکمل ہوچکے ہیں ۔ مگر کوئی بھی وعدہ پورا نہیں کیا گیا ہے ۔ آج اسمبلی حلقہ چیوڑلہ میں بی آر ایس کارکنوں کے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے ان خیالات کا اظہار کیا ۔ اس موقع پر بی آر ایس کی رکن اسمبلی سبیتا اندرا ریڈی کے علاوہ پارٹی کے دوسرے قائدین موجود تھے ۔ ماضی کا حوالہ دیتے ہوئے کے ٹی آر نے طنز کیا کہ جب ہم نے حکومت کے 100 دن مکمل ہونے پر ان سے سوال کیا تو انہوں نے پلٹ کر جواب دیا تھا کہ کیا تین ماہ میں بچہ پیدا ہوجاتا ہے ؟ ہمیں بھی معلوم ہے بچہ تین ماہ میں نہیں 9 ماہ میں پیدا ہوتا ہے لیکن اب تو ڈھائی سال مکمل ہوگئے ہیں اب تک بچہ کیوں پیدا نہیں ہوا ؟ اس کو کیا سمجھا جائے ؟ حکومت کے پاس عوام کو گمراہ کرنے کے لیے کوئی بہانہ نہیں ہے ۔ انہوں نے یاد دلایا کہ شادی مبارک کلیانہ اسکیم کے رقمی امداد کے علاوہ ایک تولہ سونا دینے ، خواتین کو ماہانہ 2500 روپئے مالی امداد ، کالج کی طالبات کو اسکوٹی دینے ، بیروزگار نوجوانوں کو ماہانہ 4000 روپئے بیروزگاری بھتہ دینے ، کسانوں کے مکمل قرض معاف کرنے ریتو بھروسہ کی رقم میں اضافہ کرنے ، معذورین ، معمرین اور بیواؤں کے پنشن میں اضافہ کرنے کے علاوہ چھ ضمانتوں کے ساتھ 420 وعدے کئے گئے اور ساتھ ہی ہر طبقہ کے لیے علحدہ ڈیکلریشن کا اعلان کرتے ہوئے ہتھیلی میں جنت دکھائی گئی ۔ حکومت کی نصف میعاد مکمل ہونے کے باوجود ابھی تک کوئی وعدہ پورا نہیں کیا گیا ۔ سرکاری ملازمین کے ڈی اے زیر التواء ہے ۔ پی آر سی پر کوئی عمل نہیں کیا گیا ۔ کے ٹی آر نے اعتراف کیا کہ ماضی میں حکومت چلانے پر پوری توجہ مرکوز کرنے کی وجہ سے پارٹی کارکنوں پر مناسب توجہ نہیں دی جاسکی ۔ جس سے پارٹی کارکنوں کے جذبات کو ٹھیس پہونچی ہے ۔ انہوں نے تحریک کے وقت سے وابستہ نوجوانوں اور کارکنوں کو دلاسہ دیتے ہوئے کہ ماضی کو بھول کر اب پارٹی کی مضبوطی کے لیے کام کریں گے ۔۔ 2/m/b