کانگریس کا آپریشن آکرش، کونسل میں اکثریت حاصل کرنے کی مساعی

   

بی آر ایس کے 12 ارکان ربط میں، اسمبلی بجٹ سیشن سے قبل اہم تبدیلی کا امکان
حیدرآباد /23جون، ( سیاست نیوز) کانگریس تلنگانہ میں برسراقتدار تو آگئی لیکن یہ اقتدار کونسل میں اکثریت نہ ہونے سے نامکمل تصور کیا جارہا ہے۔ اقتدار کے 6 ماہ کے بعد کانگریس نے کونسل میں اکثریت پانے کی مساعی شروع کی ہے جس کے تحت بی آر ایس ارکان کو کانگریس میں شمولیت کی ترغیب دی جارہی ہے۔ ذرائع کے مطابق قانون ساز کونسل میں بی آر ایس کے تقریباً 12 ارکان کانگریس سے ربط میں ہیں اور اسمبلی بجٹ اجلاس سے قبل یہ کانگریس میں شمولیت اختیار کرلیں گے۔ بجٹ سیشن سے قبل حکومت کے اہم فیصلوں اور بلز کو کامیابی سے منظور کرانے کی راہ ہموار کرنے میں مصروف کانگریس قیادت کو کامیابی ملتی دکھائی دے رہی ہے۔ واضح رہے کہ 40 رکنی کونسل میں گورنر کوٹہ کی 2 مخلوعہ نشستوں کو چھوڑ کر جملہ ارکان کی تعداد 38 ہے۔ بی آر ایس 29 ارکان کے ساتھ اکثریت رکھتی ہے جن میں 25 منتخب ارکان کونسل ہیں جبکہ گورنر کوٹہ کے تحت نامزد 4 ارکان شامل ہیں۔ کونسل میں کانگریس کے صرف 4 ارکان ہیں جبکہ مجلس 2 ، بی جے پی ایک اور 2 آزاد ارکان ہیں۔ کسی بھی بل کی منظوری کیلئے حکومت کو اکثریت کی ضرورت ہوگی۔ ایسے میں کانگریس نے بی آر ایس ارکان کو کانگریس میں شمولیت کی ترغیب شروع کی ہے۔ حکومت ریوینیو قانون، دھرانی پورٹل اور دیگر اہم قوانین کی منظوری کی خواہاں ہے۔ اسمبلی میں حکومت کو اکثریت حاصل ہے جبکہ کونسل میں وہ محض 4 ارکان کے ساتھ کوئی رول ادا نہیں کرسکتی۔ اسمبلی انتخابات کے بعد کونسل میں جیون ریڈی واحد کانگریسی رکن تھے بعد میں بی آر ایس کے دامودر ریڈی اور پی مہیندر ریڈی نے شمولیت اختیار کی اور گذشتہ دنوں گریجویٹ نشست سے تین مار ملنا کانگریس ٹکٹ پر کامیاب ہوئے اور تعداد 4 ہوگئی۔ دو بی آر ایس ارکان کے انحراف سے اسکے ارکان کی تعداد 27 ہوچکی ہے۔ اطلاعات کے مطابق کانگریس نے کم از کم 15 بی آر ایس ارکان کی شمولیت کا منصوبہ بنایا ہے اور 12 ارکان شمولیت کیلئے راضی ہوچکے ہیں۔ چیف منسٹر ریونت ریڈی کے بعض قریبی رفقاء جن میں وزیر اور حکومت کے مشیر شامل ہیں وہ بی آر ایس ارکان سے ربط میں ہیں۔ امید کی جارہی ہے کہ بجٹ سیشن سے قبل بی آر ایس کے ارکان کانگریس میں شمولیت اختیار کریں گے اور کونسل میں حکومت کو بلز کی منظوری میں رکاوٹ دور ہوجائے گی۔ قانون ساز کونسل کے صدرنشین جی سکھیندر ریڈی کے فرزند کانگریس میں شمولیت اختیار کرچکے ہیں لہذا بی آر ایس ارکان کی شمولیت کے سلسلہ میں سکھیندر ریڈی کی خدمات بھی حاصل کی جارہی ہیں۔1