کانگریس ۔ جے ڈی ایس اتحاد میں الجھن کیلئے بی جے پی ذمہ دار نہیں

   

ایم ایل ایز کو متحد رکھنا کانگریس کی ذمہ داری ہے ۔ بی جے پی لیڈر ایڈورپا کا بیان

بنگلورو 18 جنوری ( سیاست ڈاٹ کام ) بنگلورو میں کانگریس مقننہ پارٹی اجلاس سے قبل بی جے پی کے ریاستی صدر بی ایس ایڈورپا نے آج کہا کہ اپنے ارکان اسمبلی کو متحد رکھنا کانگریس کی ذمہ داری ہے اور ان کی پارٹی ریاست میں برسر اقتدار اتحاد میں پیدا ہوئی الجھن کیلئے ذمہ دار نہیں ہے ۔ انہوں نے مزید کہا کہ بی جے پی پر کانگریس ارکان اسبملی کو خریدنے اور لالچ دینے کی کوششوں کا جو الزام عائد کیا جا رہا ہے وہ حقیقت سے بعید ہے ۔ انہوں نے کہا کہ یہ الزام حقیقت سے بعید ہے کہ ہم کانگریس ۔ جے ڈی ایس اتحاد میں الجھن پیدا کر رہے ہیں۔ ہمارے پاس 104 لوگ ( بی جے پی ارکان اسمبلی ) ہیں اور ہم سب ایک ہیں۔ ہمارا واحد مقصد یہی ہے کہ ریاست میں آئندہ لوک سبھا انتخابات میں پارلیمنٹ کی 20 نشستوں پر کامیابی حاصل کرسکیں اور ہم اس کیلئے تیاریاں کر رہے ہیں۔ یہاں میڈیا سے بات چیت کرتے ہوئے سابق چیف منسٹر کرناٹک نے کہا کہ غیر ضروری طور پر بی جے پی کے خلاف الزامات عائد کئے جا رہے ہیں۔ ہم کو سی ایل کے اجلاس سے کیا لینا دینا ہے ؟ ۔ ان کے ارکان اسمبلی کو متحد رکھنا خود ان ( کانگریس ) کا کام ہے ۔ کیا ان کے ارکان اسمبلی نے انحراف کرلیا ہے ؟ ۔ ہماری ذمہ داری یہی ہے ک ہم اپنے ارکان کو متحد رکھیں۔ بی جے پی ارکان اسمبلی کو ہریانہ میں گروگرام میں ایک ہوٹل سے ریسارٹ کو منتقل کرنے سے متعلق سوال پر انہوں نے کہا کہ یہ سب کچھ قیاس آرائیاں ہیںاور ان میں کوئی سچائی نہیں ہے ۔ تمام ارکان اسمبلی کل واپس ہو رہے ہیں۔