بنگلورو، 4ستمبر (یو این آئی) کرناٹک کی ووٹر فہرستیں ایک اہم تصدیقی مرحلے میں داخل ہو گئی ہیں، جہاں 36.49 لاکھ ناموں کی جانچ کی جا رہی ہے ۔ الیکشن کمیشن کی جانب سے ’’نو میپنگ‘‘ اور ’’بے ضابطگیوں‘‘کے تحت زمرہ بند کیے گئے ووٹرز کیلئے نوٹس جاری ہونے کے بعد اسپیشل انٹینسو ریویژن اب سماعت کے مرحلے میں داخل ہو گیا ہے ۔چیف الیکٹورل آفیسر کے دفتر کے مطابق اب تک جاری کیے گئے 43,81,143 نوٹسز میں سے صرف 7,31,770 ہی موصول ہوئے ہیں، جبکہ 36,49,371 نوٹسز کی تعمیل باقی ہے۔ اس کارروائی سے نشان زدہ ناموں کی حیثیت کا تعین ہوگا، جس میں یہ بات شامل ہیکہ آیا ان کا تعلق ان حقیقی ووٹرز سے ہے جنہیں اپنی اہلیت ثابت کرنے کی ضرورت ہے یا ان میں ایسے نام شامل ہیں جن کی مزید تصدیق کی ضرورت ہے ۔الیکٹورل رجسٹریشن افسران اور اسسٹنٹ الیکٹورل رجسٹریشن افسران کے سامنے سماعتیں 3 ستمبر سے شروع ہو چکی ہیں اور 12 اکتوبر تک جاری رہیں گی۔ اب تک 206 سماعتیں مکمل ہو چکی ہیں۔سی ای او کے دفتر نے زیرِ التوا 36.49 لاکھ نوٹسز کی زمرہ وار تفصیلات فراہم نہیں کی ہیں، جس کے بعد اب یہ تصدیقی عمل ہی اس بات کا بنیادی فیصلہ کن عنصر ہے کہ نشان زدہ ناموں میں سے کتنے بالآخر ووٹر فہرست میں برقرار رہتے ہیں۔ اس کارروائی کی وسعت 4,46,38,124 درج شدہ ووٹرز والی ریاست کیلئے کافی اہم ہے (4ستمبر تک کے اعداد و شمار کے مطابق) جس میں 2.21کروڑ مرد، 2.24کروڑ خواتین اور 2,871 ٹرانس جینڈر ووٹرز شامل ہیں۔