کرناٹک میں دو ضلع کانگریس صدور کیلئے سید عظمت اللہ حسینی سرگرم

   

ہبلی سٹی اور ضلع دھاواڑ کا دورہ 14 اگست کو رپورٹ تیار ہوگی ۔ 16 اگست کو دہلی میں پیش ہوگی
حیدرآباد 28 جولائی : ( سیاست نیوز ) : کل ہند کانگریس کمیٹی کے ’ سنگھٹن سریجن ابھیان ‘ کے تحت کانگریس کے نوجوان قائد تلنگانہ وقف بورڈ صدر نشین و اے آئی سی سی مبصر سید عظمت اللہ حسینی نے کرناٹک کا دورہ کیا ۔ انہوں نے ہبلی سٹی و دھارواڑ ضلع میں پارٹی کے نئے صدور کے انتخاب اور تنظیمی ڈھانچے کو مضبوط بنانے مقامی اور ریاستی قائدین کے ساتھ تبادلہ خیال کیا ۔ ہبلی اور دھارواڑ کے دورے سے قبل سید عظمت اللہ حسینی نے بنگلورو میں منعقدہ اعلیٰ سطحی اورینٹیشن پروگرام میں شرکت کی ۔ اس پروگرام میں کانگریس کے قومی جنرل سکریٹری و انچارج تنظیمی امور کے سی وینوگوپال ، کرناٹک انچارج رندیپ سنگھ سرجیوالا ‘ چیف منسٹر ڈی کے شیو کمار ‘ سابق چیف منسٹر سدا رامیا بی کے ہری پرساد کرناٹک کانگریس کمیٹی صدر و دیگر قومی اور مقامی قائدین نے شرکت کی ۔ اورینٹیشن پروگرام کے بعد سید عظمت اللہ حسینی ہبلی اور دھارواڑ کا دورہ کرکے چار دن تک قیام کیا اور پارٹی قائدین کے ساتھ اجلاس منعقد کیا ۔ ان اجلاسوں میں حکومت کرناٹک کے چیف وہپ سیلم احمد کے علاوہ مقامی کانگریس کے ارکان اسمبلی ، ارکان کونسل و پارٹی کے دیگر اہم قائدین نے شرکت کی ۔ اجلاس کے دوران ہبلی سٹی اور دھارواڑ ضلع کانگریس کمیٹیوں کیلئے فعال کانگریس صدور کے انتخاب کیلئے تمام قائدین کی رائے حاصل کی گئی اور نچلی سطح پر کارکنوں کے جذبات کا جائزہ لیا گیا جس کے بعد سید عظمت اللہ حسینی حیدرآباد واپس ہوچکے ہیں ۔ اپنے اس مشن کو حتمی شکل دینے 31 جولائی کو وہ دوبارہ کرناٹک کے شہر ہبلی و ضلع دھارواڑ کا چار روزہ دورہ کریں گے ۔ اس دورے پر وہ 7 اسمبلی حلقوں کے مقامی قائدین سے انفرادی اور اجتماعی ملاقاتیں کریں گے جس کے بعد وہ حیدرآباد لوٹ جائیں گے ۔ 14 اگست کو مکمل تنظیمی عمل پر رپورٹ تیار کریں گے اور 16 اگست کو یہ رپورٹ دہلی میں پارٹی کے قومی جنرل سکریٹری کے سی وینوگوپال کو پیش کریں گے ۔ سید عظمت اللہ حسینی کے اس دورہ سے کرناٹک کے دونوں اضلاع میں کانگریس کارکنوں اور مقامی قیادت میں جوش و خروش دیکھا جارہا ہے ۔۔ 2/k/b