گلبرگہ: ممتاز شاعر و محب اردو ڈاکٹر ماجد داغی صدر لوک ساہتیہ منچ گلبرگہ نے اپنے صحافتی بیان میں کہا کہ حکومت کرناٹک نے مضمون خود اختیاری کے تحت انگلش، کنڑ اور دیگر میڈیم اسکولوں کے لئے زبان سوم پالیسی کو متعارف کیا ہے جس کے تحت لازمی طور پر جماعتِ ششم سے دہم تک ہر طالب علم کو مضمون خود اختیاری کے تحت منظورہ ہندوستانی یا بیرونی ملک کی کوئی ایک زبان پڑھنے کے لئے منتخب کرنی لازمی ہے جس میں اردو زبان بھی شامل ہے ، انہوں نے اس پالیسی کو اردو کی خوش بختی قرار دیتے ہوئے کہا کہ یہ پالیسی جانے انجانے میں اردو کے فروغ کے حق میں ایک نعمتِ غیر مترقبہ سے کم نہیں اس لئے کہ اس پالیسی کے تحت جب ہمارے بچوں کو کسی ایک زبان کا پڑھنا ضروری ہے تو کیوں نہ ہم اپنے بچوں کیلئے اردو زبان منتخب کریں، اس طرح اردو زبان کو ہم جس اخلاص سے اپناٰٗئیں گے اردو زبان اتنی ہی تیزی سے ترقی کرے گی۔ یہ صد فیصد سچ ہے اور اس میں کوئی دو رائے ہرگز نہیں۔