کرکٹ کی گیند لگنے پرلڑکے کا قتل، چار گرفتار

   

کھرگون: مدھیہ پردیش کے کھرگون ضلع کے مہیشور قصبے میں کرکٹ کی گیند لگ جانے کے تنازع میں ایک لڑکے کا چاقو سے قتل کردیے جانے کے معاملے میں چار افراد کو گرفتار کیا گیا ہے ۔پولیس سپرنٹنڈنٹ سدھارتھ چودھری نے بتایا کہ مہیشور میں کل رات 17 سالہ ریحان کے قتل کے سلسلے میں پانچ میں سے چار ملزمین کو گرفتار کر لیا گیا ہے ۔انہوں نے بتایا کہ کرکٹ کھیلنے کے دوران راستے سے گزر رہے روشن کو ریحان کے ذریعہ ماری گئی کرکٹ کی گیند لگ گئی تھی۔ اس پر شبھم، روشن، ساجن، روہت اور کنہا نے مل کر پہلے اس کا کرکٹ بیٹ چھین کر اس کی پٹائی کی۔بیچ بچاؤ کرنے ریحان کے کئی دوست بھی وہاں پہنچ گئے ۔ اس دوران ریحان فرار ہو گیا تاہم پانچوں نے اسے گھیر لیا اور روشن نے اس پر چاقو سے وار کر دیا۔چاقو کے حملے میں شدید زخمی ہونے والے ریحان کو پہلے ایک پرائیویٹ اسپتال لے جایا گیا، جس کے بعد مہیشور کے سرکاری اسپتال لائے جانے پر اسے مردہ قرار دے دیا گیا۔