کریم نگر میں سنسنی خیز سرقہ کا معمہ اندرون 3 گھنٹے حل

   

پولیس کی مستعدی سے سیوا بینک کی مسروقہ تجوری دستیاب ، دو ملزمین گرفتار

کریم نگر : کریم نگر پولیس نے تین گھنٹے کے اندر کلکٹریٹ کے قریب سیوا میچول ایڈیڈ کوآپریٹیو سوسائٹی میں بڑے پیمانے پر سنسنی خیز سرقہ کی وارادت کا معمہ حل کرلیا اور دو ملزمین کو گرفتار کرلیا ۔ سیوا میچول ایڈیڈ کوآپریٹیو سوسائٹی سال 2018 ء میں قائم کی گئی تھی اور اپنے اراکین کو جمع کرنے اور واپس کرنے کے لیے سود سے پاک قرضوں کی ایک چھوٹی سی رقم پیش کرتی ہے۔ اس ترتیب میں ہر روز ہونے والے لین دین کو بینک میں جمع اور ذخیرہ کیا جاتا ہے لیکن 19 تاریخ کو ہفتہ تھا اور اگلے دن اتوار کو بینک کی چھٹی تھی، اس لیے تمام رقم تجوری میں جمع تھی ۔ اس تجوری کا 20 فبروری کو سرقہ کرلیا گیا تھا ۔ پولیس نے فوری طور پر ملزمین کی گرفتاری کے لئے (5) خصوصی ٹیمیں تشکیل دیں اور ملزمین کو کریم نگر آر ٹی سی بس اسٹانڈ سے گرفتار کر لیا گیا۔ ذرائع کے مطابق امجدیہ مسجد کمپلیکس مکرم پورہ کریم نگر میں واقع میچول ایڈیڈ کو آپریٹیو سوسائٹی سیوا کریم نگر میں پیر کے دن صبح کی اولین ساعتوں میں ڈکیتی کی واردات پیش آئی، سی سی ٹی وی فوٹیج کی مدد سے یہ بات سامنے آئی کے نامعلوم اشخاص قفل شکنی کے ذریعے داخل ہوئے، اور تجوری کو کھولنے کی کوشش کی، تاہم اس میں ناکامی کے بعد وہ اپنے ساتھیوں کے ہمراہ تجوری لے کر راہ فرار اختیار کی، واضح رہے کہ اس تجوری میں چودہ لاکھ نقد رقم کے علاوہ آٹھ تولہ سونے کے زیورات موجود تھے۔ اطلاع کے ساتھ ہی ذمہ داران سیوا بینک، منیجر محمد نجیب نے وہاں پہنچ کر ون ٹاؤن پولیس اسٹیشن کو تحریری شکایت درج کروائی ، دریں اثنا ایڈیشنل ڈی سی پی کریم نگر سرینواس، اے سی پی اربن سرینواس راؤ ،اے سی پی سی سی ایس سرینواس اور پولیس کے ماہرین کے ہمراہ سیوا بینک پہنچ کر، سرقہ کی واردات کا جائزہ لیا ،بعد ازاں پولیس اسنفر ڈاگ کی مدد سے سارقین کو تلاش کر لیا۔ سی سی ٹی وی فوٹیج جائزے کے بعد اے سی پی کریم نگر کی نگرانی میں پولیس ٹیم نے دو نوجوانوں پر شبہ ظاہر کرتے ہوئے انہیں حراست میں لے لیا ، اور تفتیش کے دوران انہوں نے اقبال جرم کر لیا ۔ محمد صادق نے تجوری کا پتہ بتا دیا، بعد ازاں تجوری کو برآ مد کرتے ہوئے، پولیس اسٹیشن منتقل کردیا گیا ، سیوا بینک منیجر محمد نجیب کی موجودگی میں چودہ لاکھ روپئے رقم اور آٹھ تولہ سونے کے زیورات اور دیگر دستاویزات کو برآمدکر لیا گیا۔ پولیس کمشنر وی ستیہ نا رائنا نے پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے ایڈیشنل ڈی سی پی سرینواس ، ای سی پی پی ار بن سرینواس اور بشیر خان اور ون ٹاؤن پولیس کو مبارک باد دی و نیز انہیں انعام کا وعدہ بھی کیا۔ انہوں نے کہا کہ اس ضمن میں مزید تحقیقات بھی کی جائے گی۔ ذمہ داران سیوابینک کریم نگر نے کمشنر پولیس کریم نگر وی ستیہ نارائنا اور اسسٹنٹ کمشنر پولیس کریم نگر ٹی سرینواس راو کی جانب سے سرقہ کی رقم کی واپسی پر بھرپور شکریہ اداکیا۔