سری نگر: وادی کشمیر میں منگل کی علی الصبح بارش نے گرمی کے زور کو توڑ کر لوگوں کے لئے راحت کا سامان فراہم کیا۔ دریں اثنا محکمہ موسمیات نے اگلے 36 گھنٹوں کے دوران مزید بارش کی پیش گوئی کرتے ہوئے لوگوں سے ان دریاؤں اور ندی نالوں جن میں فلش فلڈس آنے کے خطرات رہتے ہیں، کے نزدیک جانے سے اجتناب کرنے کی تاکید کی ہے ۔ متعلقہ محکمے کے ایک ترجمان نے بتایا کہ وادی میں اگلے 36 گھنٹوں کے دوران وقفے وقفے سے بارش کا سلسلہ جاری رہنے کا امکان ہے ۔ انہوں نے کہا کہ گلشیئرز کے پگھلنے سے مقامی دریاؤں اور ندی نالوں میں پہلے ہی پانی جمع ہوا ہے اور ان میں بارش کا اضافی پانی جمع ہونے سے سیلاب کا خطرہ ہے لہذا لوگوں سے تاکید کی گئی ہے کہ وہ ان کے نزدیک نہ جائیں۔ وادی میں بارش سے شبانہ درجہ حرارت میں بھی کمی واقع ہوئی ہے ۔