کلکتہ: کلکتہ کے سریندر ناتھ کالج کے سال اول کے طالب علم کی پراسرار موت ہوگئی ہے۔ گزشتہ اتوار کو شمالی 24 پرگنہ کے ہبرا کے رہنے والے سواگت کی لاش مشرقی مدنی پور کے پنشکورا میں ریلوے لائن کے کنارے سے برآمد ہوئی تھی۔ وہ پنشکورہ کیسے پہنچ گیا یہ معاملہ ایک معمہ بن گیا ہے ۔سواگت گھر کے لوگ دوستوں کو مورد الزام ٹھہرا رہے ہیں۔سریندر ناتھ کالج کے شعبہ شماریات کا طالب علم سواگت 3 ستمبر کو اتوار کی دوپہر ہبرا کے گھر سے یہ کہہ کر نکلا کہ وہ سیالدہ جا رہا ہے ۔ اس کے بعد سے ہی وہ غائب تھا۔اس نے موبائل بھی گھر پر چھوڑ دیا۔ کوئی اطلاع نہ ملنے پر سواگت کے گھر کے لوگوں نے ہابرا پولیس اسٹیشن میں گمشدگی کی رپورٹ کرائی تھی۔ پولیس کے مطابق اتوار کی رات دیر گئے مشرقی مدنا پور کے پنشکورا کے قریب کھسرائی اسٹیشن پر ریلوے لائن کے کنارے سے ایک لاش برآمد ہوئی۔ بعد میںاس کی شناخت سواگت کے طور پر ہوئی۔