کرناٹک کے گرمٹکال اور سیڑم میں ریالیوں سے خطاب، مودی حکومت کے زوال اور انڈیا الائنس حکومت کی تشکیل کی پیش قیاسی
حیدرآباد ۔ 29 ۔ اپریل (سیاست نیوز) چیف منسٹر ریونت ریڈی نے عوام کو بی جے پی سے چوکس رہنے کا مشورہ دیتے ہوئے کہا کہ بی جے پی ایس سی، ایس ٹی، او بی سی اور مسلمانوں کے تحفظات ختم کرنے کی سازش کر رہی ہے۔ ملک کے کمزور طبقات اور اقلیتوں کو متحدہ طور پر بی جے پی کو مسترد کرتے ہوئے کانگریس زیر قیادت انڈیا الائنس کو تشکیل حکومت کا موقع فراہم کرنا چاہئے ۔ چیف منسٹر ریونت ریڈی نے آج کرناٹک میں کانگریس کی انتخابی مہم میں حصہ لیا۔ گرمٹکال اور سیڑم میں ریونت ریڈی دو انتخابی جلسوں سے خطاب کیا ۔ صدر کانگریس ملکارجن کھرگے اور جنرل سکریٹری اے آئی سی سی پرینکا گاندھی کے ہمراہ چیف منسٹر نے کرناٹک میں بسنے والے تلگو رائے دہندوں سے کانگریس کے حق میں ووٹ کی اپیل کی۔ چیف منسٹر نے کہا کہ ملکارجن کھرگے کے پارٹی صدر بننے کے بعد کانگریس پارٹی کو ہماچل پردیش ، کرناٹک اور تلنگانہ میں اقتدار حاصل ہوا ہے ۔ ملکارجن کھرگے سے بی جے پی خوفزدہ ہے کیونکہ وہ راجیہ سبھا میں قائد اپوزیشن کے طور پر حکومت سے بے خوف کھری کھری کہنے کے عادی ہیں۔ ریونت ریڈی نے کہا کہ لوک سبھا الیکشن دراصل کرناٹک بمقابلہ گجرات ہے۔ کرناٹک میں کانگریس حکومت نے پانچ ضمانتوں پر کامیابی سے عمل کیا اور اسی جذبہ کے تحت تلنگانہ کی کانگریس حکومت بھی 6 ضمانتوں میں 5 پر عمل آوری کا آغاز کرچکی ہے۔ انہوں نے الزام عائد کیا کہ نریندر مودی نے 2014 میں عوام سے جو وعدے کئے تھے ، ان کی تکمیل نہیں کی ۔ گزشتہ الیکشن میں کرناٹک سے بی جے پی کو 25 لوک سبھا نشستیں حاصل ہوئیں لیکن مرکزی حکومت نے خشک سالی امداد تک جاری نہیں کی ۔ عوام کو فیصلہ کرنا ہوگا کہ مخالف کرناٹک پارٹی کی کس طرح تائید کریں گے۔ انہوں نے کہا کہ بی جے پی مودی کے نام پر ووٹ مانگ رہی ہے ، حالانکہ نریندر مودی وعدوں کی تکمیل میں ناکام ہوچکے ہیں۔ ریونت ریڈی نے کرناٹک سے تعلق رکھنے والے عوام کی تلنگانہ حکومت کی جانب سے ہر ممکن مدد کا بھروسہ دلایا ۔ انہوں نے کہا کہ مودی نے اس بار 400 پار کا نعرہ لگایا ہے کیونکہ تیسری مرتبہ اقتدار ملتے ہی ایس سی ، ایس ٹی ، او بی سی اور مسلمانوں کے تحفظات ختم کردئے جائیں گے۔ کانگریس پارٹی کو کامیاب کرنے کی صورت میں تحفظات برقرار رہیں گے۔ انہوں نے عوام سے اپیل کی کہ کرناٹک میں کم از کم 25 لوک سبھا حلقوں پر کانگریس امیدواروں کو کامیاب کریں۔ انہوں نے کہا کہ مرکز میں بی جے پی حکومت کا زوال یقینی ہے اور کانگریس زیر قیادت اپوزیشن اتحاد برسر اقتدار آئے گا۔ چیف منسٹر نے کہا کہ جس طرح گجرات نریندر مودی کے ساتھ ہے ، کرناٹک کو ملکارجن کھرگے کا ساتھ دینا چاہئے ۔ 1