ہرانیگونیا: سربیا میں دفاعی حکام نے فوج کو ’’جنگ کیلئے مکمل تیار رہنے‘‘ کا حکم دیا ہے۔ سربیائی لائسنس پلیٹوں والی گاڑیوں پر پرسٹینا کی جانب سے نومبر میں پابندی عائد کرنے کے بعد سے کوسووو کے ساتھ کشیدگی میں مسلسل اضافہ ہو رہا ہے۔ شمالی کوسووو میں فائرنگ کے ایک واقعے کے بعد وزیر دفاع میلوس ووسیوچ نے پیر کو دیر گئے کہا کہ سربیا نے اپنی مسلح افواج کو’’اعلیٰ ترین سطح‘‘ پر الرٹ کر دیا ہے۔کوسووو کی جانب سے گزشتہ ماہ سربیائی لائسنس پلیٹوں پر پابندی عائد کرنے کے بعد سے ہی سربیا اور کوسووو ایک بار پھر ایک دوسرے کے آمنے سامنے آگئے۔ پرسٹینا کو گوکہ پیچھے ہٹ جانا پڑا لیکن اس فیصلے کے سبب نسلی سرب اکثریتی والے شمالی کوسووو علاقوں میں احتجاجی مظاہرے شروع ہو گئے۔وزیر دفاع نے کہا کہ صدر الیگزینڈر ووچک نے “سربیا کی فوج کو جنگی تیاری کی اعلیٰ ترین سطح پر رہنے کا حکم دیا ہے تاکہ مسلح افواج کی قوت کا کسی بھی وقت استعمال کیا جاسکے۔”اس میں خصوصی مسلح افواج کے اہلکاروں کی تعداد 1500 سے بڑھا کر 5000 کرنا بھی شامل ہے۔سربیا کی فوج کو حالیہ برسوں میں متعدد بار ہائی الرٹ پر رکھا گیا ہے۔