حیدرآباد۔/27 جولائی، ( سیاست نیوز) کانگریس کے ناراض رکن اسمبلی کومٹ ریڈی راجگوپال ریڈی کی بی جے پی میں شمولیت کے امکانات میں اضافہ ہوچکا ہے۔ کانگریس کی قیادت پر تنقید اور بی جے پی کی ستائش کرنے والے راجگوپال ریڈی نے ایک سے زائد مرتبہ اپنا موقف تبدیل کیا لیکن مرکزی وزیر سیاحت و کلچر کشن ریڈی، بی جے پی کے ریاستی صدر بنڈی سنجے اور رکن اسمبلی ایٹالہ راجندر سے ملاقات کے بعد عنقریب شمولیت کا امکان ہے۔ راجگوپال ریڈی سے ملاقات کے بعد بنڈی سنجے نے میڈیا سے کہا کہ کانگریس رکن بہر صورت بی جے پی میں شمولیت اختیار کریں گے۔ انہوں نے کہا کہ کھمم اور نلگنڈہ سے بڑی تعداد میں قائدین کی بی جے پی میں شمولیت ہوگی۔ انہوں نے کہا کہ راجگوپال ریڈی کے استعفی کی صورت میں منگوڑ اسمبلی حلقہ سے پارٹی امیدوار کے بارے میں فیصلہ بعد میں ہوگا۔ بتایا جاتا ہے کہ بی جے پی قائدین نے راجگوپال ریڈی کی جلد شمولیت کی ترغیب دی ہے۔ر
انہوں نے بی جے پی کے سینئر قائدین کو ملاقات کے بعد شمولیت کے بارے میں کچھ نہیں کہا تاہم بی جے پی قائدین کا کہنا ہے کہ عنقریب راجگوپال ریڈی بی جے پی میں شامل ہوں گے۔ راجگوپال ریڈی فوری طور پر ضمنی انتخابات کا سامنا کرنے کیلئے تیار نہیں تھے لیکن بی جے پی نے ضمنی انتخابات میں ایک اور حلقہ سے کامیابی کے منصوبہ کے تحت جلد شمولیت کا مشورہ دیا ہے۔ ر