دبئی۔ سری لنکا کے سابق کپتان مہیلا جے وردھنے نے کہا ہے کہ ہندوستان کے اسٹار بیٹر ویراٹ کوہلی ایک بہترین کھلاڑی ہیں اور وہ اپنی طویل خراب فارم سے واپس ہونے میں کامیاب رہیں گے۔کوہلی اور مکمل طور پر فٹ کے ایل راہول کی ایشیا کپ کے لیے ہندوستان کی 15 رکنی ٹیم میں واپسی ہوئی ہے۔ ایشیا کپ 27 اگست سے 11 ستمبر تک دبئی اور شارجہ میں کھیلا جائے گا۔کوہلی پچھلے کچھ عرصے سے خراب فارم سے پریشان ہیں۔ انہوں نے نومبر 2019 کے بعد سے بین الاقوامی کرکٹ میں کوئی سنچری نہیں بنائی۔کوہلی دورہ انگلینڈ میں تمام فارمیٹس کی چھ اننگز میں صرف 76 رنز ہی بنا پائے تھے۔ اس دوران وہ گزشتہ سال ملتوی ہونے والے پانچویں ٹسٹ، دو ونڈے اور اتنے ہی ٹی20 میں شامل ہوئے۔سابق کپتان کو دورہ ویسٹ انڈیز اور زمبابوے کیخلاف ونڈے سیریز میں آرام دیا گیا تھا۔