کھمم میں مسجد، قبرستان اور دیگر مذہبی اغراض کیلئے اراضی کا مطالبہ

   

سنگارینی کالریز حکام کے رویہ پر مقامی مسلمانوں کی ناراضگی، اراضی کے عوض میں کیا گیا وعدہ پورا نہیں ہوا
حیدرآباد۔/24 جنوری، ( سیاست نیوز) کھمم ضلع میں کومے پلی موضع ستو پلی منڈل سے تعلق رکھنے والے مسلم خاندانوں نے سنگارینی کالریز کمپنی لمیٹیڈ انتظامیہ اور ریوینیو ڈپارٹمنٹ سے مطالبہ کیا کہ مذہبی اغراض کیلئے اراضی الاٹ کی جائے۔ سنگارینی کالریز کمپنی نے2 کانوں کی توسیع کیلئے سارے موضع کی اراضی حاصل کرلی۔ جے وی آر اوپن کاسٹ مائن کی توسیع کا کام جاری ہے۔ کمپنی نے 229 متاثرہ خاندانوں کو سروے نمبر 171 میں اراضی پٹہ جات الاٹ کئے ہیں۔ بازآبادکاری سے متعلق 2018 کے قانون کے تحت یہ فیصلہ کیا گیا۔ بتایا جاتا ہے کہ سنگارینی کالریز کمپنی نے بنیادی سہولتوں کی فراہمی اور علاقہ کی ترقی کیلئے کوئی اقدامات نہیں کئے۔ کومے پلی گاؤں میں 13 سینٹ اراضی پر مسجد موجود تھی لیکن اس کے عوض میں ایاگاری پیٹ میں محض 5 سینٹ اراضی الاٹ کی گئی۔ کمپنی کی جانب سے آج تک مسجد کی تعمیر کا کام انجام نہیں دیا گیا۔ قبرستان، عید گاہ، چھلہ محبوب سبحانی اور درگاہ جان پاک شہید کے عاشور خانہ کیلئے بھی اراضی تاحال الاٹ نہیں کی گئی۔ جس گاؤں میں اراضی حاصل کی گئی تھی وہاں 250 سالہ طویل تاریخ ہے۔ مقامی افراد نے سنگارینی کالریز اور ریوینیو حکام سے مذہبی اغراض کیلئے اراضی الاٹ کرنے کا مطالبہ کیا۔ مقامی رکن اسمبلی ایس وینکٹ ویریا نے گاؤں والوں کی تائید میں سنگارینی کالریز کمپنی کو مکتوب روانہ کیا ہے۔ر