حیدرآباد 11 اکٹوبر ( سیاست نیوز ) ناگرجنا ساگر پراجیکٹ کی اصل لیفٹ کنال میں کھمم ضلع کے پینوبلی منڈل میں بڑا شگاف پڑ گیا ہے ۔ کہا گیا ہے کہ پیر کی رات دیر گئے یہ شگاف پڑا ہے جو تملا پلی اور بینا گوڈم گاووں کے درمیان ہے ۔ اس کنال میں شگاف پڑنے کے بعد کنال کے آس پاس جملہ 70 ایکڑ دھان کی فصلے زیر آب آگئی ہیں۔ پانی کے بہاؤ سے کھڑی فصلوں کو بھاری نقصان ہوا ہے ۔ محکمہ آبپاشی کے عہدیداروں نے منگل کی صبح شگاف کے مقام کا دورہ کرتے ہوئے صورتحال کا جائزہ لیا ۔ انہوں نے کنال میں پڑے شگاف کا بھی معائنہ کیا ۔ شگاف پڑنے کے بعد کنال میں پانی کی نکاسی کو روک دیا گیا ہے جس کے بعد سیلاب جیسی صورتحال بہتر ہو پائی ہے ۔ عہدیداروں کے مطابق کنال کے کنارہ کے نچلے حصے سے پانی کے لیکج کی وجہ سے کنارہ کمزور ہوگیا تھا جس کے نتیجہ میں یہاں شگاف پڑا ہے ۔ عہدیداروں کا کہنا ہے کہ اس شگاف کو درست کرنے کیلئے ایک ہفتے تک کا وقت لگ سکتا ہے ۔ یہ شگاف تقریبا 30 فیٹ چوڑی بتائی گئی ہے ۔