حیدرآباد سٹی پولیس کمشنر سجنار کا موٹر سائیکل پر دورہ، راہگیروں اور پولیس ملازمین سے بات چیت
حیدرآباد ۔ 20 اگست (سیاست نیوز) حیدرآباد سٹی پولیس کمشنر وی سی سجنار نے کے بی آر پارک کے اطراف نافذ کئے گئے نئے ون وے ٹریفک نظام کا خود موٹرسائیکل پر عام شہری کے انداز میں سفر کرتے ہوئے جائزہ لیا۔ جمعرات کی صبح تقریباً 10 بجے پولیس کمشنر بغیر کسی پروٹوکول اور تشہیر کے سادہ لبا س میں موٹر سائیکل پر روانہ ہوئے اور زمینی سطح پر ٹریفک کی صورتحال کا معائنہ کیا۔ انہوں نے روڈ نمبر 45 سے جوبلی ہلز چیک پوسٹ، وینکٹ گیری، کے بی آر پارک مین گیٹ، موگدھا جنکشن، بساورتارکم، اگراسین چوراہا، فلم نگر جنکشن اور دوبارہ روڈ نمبر 45 تک کے راستے کا دو مرتبہ سفر کرکے ٹریفک بہاؤ کا مشاہدہ کیا۔ بعدازاں دوپہر کے اوقات میں بھی انہوں نے دوبارہ ٹریفک کی نقل و حرکت کا راست طور پر جائزہ لیا۔ جرنلسٹ کالونی، جوبلی ہلز چیک پوسٹ، کے بی آر پارک مین گیٹ اور اہم مقامات پر تعینات پولیس عہدیداروں سے بات چیت کی اور زمینی صورتحال کے بارے میں معلومات حاصل کئے۔ سجنار نے کہا کہ کے بی آر پارک کی طرف ون وے ٹریفک نظام خوش اسلوبی سے چل رہا ہے۔ انہوں نے بتایا کہ یہ نظام چہارشنبہ سے نافذ کیا گیا تھا۔ پہلے روز موٹر سواروں کو لین تبدیل کرنے کے معاملہ میں کچھ الجھن کا سامنا ہوا تاہم جمعرات تک گاڑیوں کی آمدورفت مکمل طور پر ہموار ہوگئی۔ انہوں نے کہا کہ موٹرسواروں کو کسی دشواری سے بچانے کیلئے تمام جنکشنوں پر واضح سائن بورڈ نصب کئے گئے ہیں اور مناسب تعداد میں ٹریفک پولیس عہدیداروں کو تعینات کیا گیا ہے۔ انہوں نے مزید بتایا کہ جی ایچ ایم سی اور تعمیراتی ایجنسی کے اشتراک سے ایچ سٹی پراجکٹ کے کاموں کو جلد از جلد مکمل کرنے کے اقدامات کئے جارہے ہیں۔ انہوں نے شہریوں سے اپیل کی کہ کاموں کی تکمیل تک تعاون کریں اور حیدرآباد ٹریفک پولیس کی ہدایات پر سخت عمل آوری کریں۔بH/