کے سی آر بہت جلد چیف منسٹر بنیں گے، کے ٹی آر کا سنسنی خیز ریمارک

   

ریونت ریڈی، ایکناتھ شنڈے ثابت ہوں گے، کانگریس اور بی جے پی میں خفیہ اتحاد، اقلیتیں چوکنا ہوجائیں

حیدرآباد۔ 24 جنوری (سیاست نیوز) بی آر ایس کے ورکنگ پریسیڈنٹ کے ٹی آر نے سنسنی خیز ریمارک کرتے ہوئے کہا کہ بہت جلد کے سی آر کو دوباررہ چیف منسٹر بنائیں گے۔ ریونت ریڈی کیمستقبل میں ایکناتھ شنڈے بن جانے کا دعویٰ کیا۔ کانگریس اور بی جے پی میں خفیہ مفاہمت ہو نے کا دعویٰ کرتے ہوئے اقلیتوں کو کانگریس سے چوکنا ہو جانے کا مشورہ دیا۔ کریم نگر میں سوشل میڈیا واریرس سے خطاب کرتے ہوئے انہوں نے ان خیالات کا اظہار کیا۔ کے ٹی آر نے کہا کہ کانگریس اور بی جے پی میںاتحاد ہو نے کا ثبوت یہ ہے کہ ایم ایل اے کوٹہ کونسل انتخابات میں دو نشستوں کے لئے ایک نوٹیفکیشن جاری کرنے کے بجائے سنٹرل الیکشن کمیشن نے دو علیحدہ علیحدہ نوٹیفکیشن جاری کئے ہیں۔ کانگریس کی طرف جھکاؤ رکھنے والے اقلیتیں اس پر سنجیدگی سے غور کریں۔ انہوں نے کہا کہ تلنگانہ میں بی آر ایس نے بی جے پی کے کٹر امیدواروں کو شکست دی ہے۔ کے ٹی آر نے کہا کہ متحدہ ضلع کریم نگر کے بشمول دیگر اسمبلی حلقوں میں بی آر ایس کو شکست دے کر کامیابی حاصل کرنے والے امیدوار ماضی میں چار پانچ مرتبہ شکست سے دوچار ہونے کی ہمدردی میں کامیاب ہوئے ہیں۔ حالیہ اسمبلی انتخابات میں بی آر ایس کو بہت کم جھٹکا لگا ہے۔ بی آر ایس کے 38 ارکان اسمبلی کو عوام نے کامیاب بنایا ہے۔ معمولی ووٹوں سے بی آر ایس کے 14 امیدواروں کو شکست ہوئی ہے۔ ماضی میں کے سی آر نے حلقہ لوک سبھا کریم نگر کی نشست سے بھاری اکثریت سے کامیابی حاصل کی تھی۔ تلنگانہ تحریک میں ضلع کریم نگر نے بھرپور ساتھ دیا ہے۔ ریونت ریڈی نے انتخابات سے قبل بڑی بڑی باتیں کی مگر اب صورتحال بالکل برعکس ہے۔ ریونت ریڈی نے عوام کو مشورہ دیا تھا کہ برقی بلز ادا نہ کریں اور سونیا گاندھی ادا کرنے کا یقین دلایا تھا۔ کومٹ ریڈی وینکٹ ریڈی نے بھی برقی بلزم ادا نہ کرنے کا عوام پر زور دیا تھا۔ جھوٹ کا سہارا لیتے ہوئے تلنگانہ میں ریونت ریڈی اور مرکز میں نریندر مودی کامیاب ہو رہے ہیں۔ لوک سبھا انتخابات میں حلقہ لوک سبھا کریم نگر سے بی آر ایس کے امیدوار ونود کمار بھاری اکثریت سے کامیاب ہونے کا دعویٰ کیا اور کہا کہ ہر منڈل سطح پر ایک وار روم تیار کرتے ہوئے کام کرنے کا مشورہ دیا۔ عوامی مسائل، حکومت کی ناکامیوں کی سوشل میڈیا پر بڑے پیمانے پر تشہیر کرنے پر زور دیا۔ 2