۔18 فروری کواپنے والد کے چندر شیکھر راؤ سے جائزہ لینے کی افواہیں گرم
حیدرآباد۔ چیف منسٹر کے چندر شیکھر راؤ کے فرزند ریاستی وزیر کے ٹی راما راؤ تلنگانہ کے آئندہ چیف منسٹر ہوں گے۔افواہیں گرم ہیں کہ 18 فروری کو وہ اپنے والد کے چندر شیکھر راؤ سے عہدہ کا جائزہ لیں گے۔ چند ہفتوں سے ٹی آر ایس کے حلقوں میں یہ بات شدت سے دہرائی جارہی ہے کہ کے ٹی راما راؤ اپنے والد کا عہدہ حاصل کرنے کیلئے تیار ہیں۔ اگر وہ 18 فروری کو چیف منسٹر تلنگانہ کی حیثیت سے حلف لیتے ہیں تو تلگو ریاست تلنگانہ کے سب سے کم عمر چیف منسٹر بن جائیں گے۔ تلنگانہ کے کئی قائدین جن میں وزراء اور ارکان اسمبلی بھی شامل ہیں کئی مرتبہ اس بات کا اشارہ دیا ہے کہ چندر شیکھر راؤ اپنی ذمہ داریاں فرزند کے ٹی راما راؤ کے حوالے کریں گے۔ ان افواہوں کو اس وقت مزید تقویت مل گئی جب وزیر صحت ایٹالہ راجندر سے سوال کیا گیا کہ آیا کے ٹی راما راؤ آئندہ چیف منسٹر ہوں گے؟ انہوں نے جواب دیا کہ ایسا ممکن ہے۔ کے ٹی راما راؤ چیف منسٹر کیوں نہیں ہوسکتے اس میں غلط کیا ہے۔ ہماری حکومت کے تمام پروگراموں اور پالیسیوں کا 99 فیصد جائزہ کے ٹی آر ہی لیتے ہیں۔ حکومت کی ساری باگ ڈور کے ٹی آر کے ہاتھ میں ہی ہے۔ انہوں نے اپنے والد کی جانب سے کوویڈ19 ویکسنیشن پروگرام میں بھی حصہ لیا ہے۔ کئی پروگراموں و تقاریب میں چندر شیکھر راؤ کی جگہ کے ٹی راما راؤ حصہ لے رہے ہیں۔ ڈپٹی اسپیکر ٹی پدما راؤ گوڑ، حیدرآباد کے میئر بی رام موہن ، وزراء ٹی سرینواس یادو، دیاکر راؤ اور دیگر نے بھی کے ٹی راما راؤ کے چیف منسٹر بن جانے سے متعلق اثباتی رائے ظاہر کی ہے۔کے ٹی راما راؤ کوحکومت کے اُمور میں کافی تجربہ حاصل ہوچکا ہے۔