سنٹرل موٹر وہیکل ایکٹ پر عمل آوری، تلنگانہ میں واہن پورٹل کی شمولیت کے بعد فارمیٹ تبدیل
حیدرآباد 20 اگست (سیاست نیوز) تلنگانہ میں گاڑیوں کی رجسٹریشن سرٹیفکٹ (RC Cards) پر سے اچانک مالکان کی تصاویر غائب ہونے کے باعث عوام میں شدید اُلجھن اور تشویش کی لہر دوڑ گئی ہے۔ گزشتہ ایک دہائی سے زائد عرصہ سے آر سی کارڈس پر مالکان کی تصویر شائع کی جاتی تھی لیکن اب بغیر تصویر کے جاری کئے جانے والے کارڈس نے گاڑی مالکان اور خریداروں کو حیرت میں ڈال دیا ہے۔ محکمہ ٹرانسپورٹ کے حکام کا کہنا ہے کہ یہ تبدیلی مرکزی حکومت کے ’’واہن‘‘ (Vahan) پورٹل کے قوانین کی بنیاد پر کی گئی ہے۔ مرکز نے سنٹرل موٹر وہیکل ایکٹ کے تحت پورے ملک میں گاڑیوں کے رجسٹریشن کے طریقہ کار کو یکساں اور مربوط بنانے کے مقصد سے واہن پورٹل متعارف کرایا ہے۔ گزشتہ سال تلنگانہ محکمہ ٹرانسپورٹ نے اس قومی پورٹل سے خود کو جوڑا تھا جس کے بعد سے ریاست میں گاڑیوں کی رجسٹریشن، منتقلی اور دیگر معاملات اس کے ذریعہ انجام پارہے ہیں۔ اس نفاذ کے تحت واہن پورٹل سے تیار کی جانے والی آر سی پر صرف مالک کا نام، پتہ اور گاڑی کی بنیادی تفصیلات ہوتی ہیں جبکہ تصویر شامل نہیں ہوتی۔ دوسری جانب شہریوں اور گاڑیوں کی خرید و فروخت سے وابستہ افراد نے آر سی کارڈس سے تصویر ہٹائے جانے پر شدید تحفظات کا اظہار کیا ہے۔ اُنھوں نے کہاکہ ماضی میں آر سی پر تصویر موجود ہونے سے گاڑی کے اصل مالک کی شناخت منٹوں میں ہوجاتی تھی اب تصویر نہ ہونے کی وجہ سے گاڑی کے حقیقی مالک کی شناخت کرنا مشکل ہوگیا ہے۔ عوام کو خدشہ ہے کہ تصویر کی عدم موجودگی کا فائدہ اُٹھاکر چوری شدہ یا متنازعہ گاڑیاں فرضی کاغذات کی مدد سے دوسرے لوگوں کے نام منتقل کرکے فروخت کی جاسکتی ہے۔ گاڑیوں کو ایک ریاست سے دوسری ریاست منتقل (NOC) کرتے وقت یا پرانی گاڑیاں خریدتے وقت بے ضابطگیوں اور دھوکہ دہی کا امکان بڑھ گیا ہے جس کے باعث معصوم خریداروں کو آئندہ قانونی اور مالی مسائل کا سامنا کرنا پڑسکتا ہے۔ شہریوں نے محکمہ ٹرانسپورٹ اور مرکزی حکومت سے مطالبہ کیا ہے کہ وہ اس تکنیکی و انتظامی اُلجھن کا فوری حل نکالیں تاکہ جعلی خریداروں اور دھوکہ دہی سے عام شہریوں کا تحفظ ممکن ہوسکے۔V/2