سیول سرویس امتحانات کے اردو میں انعقاد کی گنجائش، دستور کا مطالعہ کرنے بی جے پی ارکان پارلیمنٹ کو ونود کمار کا مشورہ
حیدرآباد۔4۔ مئی (سیاست نیوز) پبلک سرویس کمیشن کے گروپ I امتحانات کے اردو زبان میں انعقاد پر بی جے پی کے اعتراضات کو مسترد کرتے ہوئے نائب صدرنشین تلنگانہ پلاننگ بورڈ بی ونود کمار نے کہا کہ دستور کے شیڈول 8 کے مطابق نہ صرف یونین پبلک سرویس کمیشن بلکہ ریاستوں کے پبلک سرویس کمیشن کے امتحانات اردو میں منعقد کرنا دستور کے اعتبار سے پابندی ہے۔ بی جے پی ارکان پارلیمنٹ بنڈی سنجے اور ڈی اروند نے گروپ I امتحانات کے اردو میں انعقاد پر اعتراض جتایا ہے۔ ونود کمار نے کہا کہ ارکان پارلیمنٹ کو کم از کم دستور کے بنیادی امور کا علم ہونا چاہئے۔ بی جے پی ارکان پارلیمنٹ اپنے بیانات کے ذریعہ نوجوانوں کو مشتعل کرنے کی کوشش کر رہے ہیں۔ ونود کمار نے کہا کہ دستور کے شیڈول 8 کے تحت یونین پبلک سرویس کمیشن کے سیول سرویس امتحانات کے اردو زبان میں انعقاد کی روایت موجود ہے۔ انہوں نے کہا کہ مختلف ریاستوں میں پبلک سرویس کمیشن کے امتحانات اردو زبان میں منعقد کئے جارہے ہیں اور تلنگانہ حکومت نے کوئی نیا فیصلہ نہیں کیا ہے ۔ انہوں نے کہاکہ بنڈی سنجے اور ڈی اروند کو دستور سے واقفیت حاصل کرنی چاہئے ۔ گروپ I امتحانات کے اردو میں انعقاد پر اعتراض کرنے سے قبل بی جے پی ارکان پارلیمنٹ کو دستور کے شیڈول 8 کا مطالعہ کرنا چاہئے ۔ ونود کمار نے کہا کہ کے سی آر حکومت نے گروپ I امتحان کا اردو میں جواب لکھنے کی سہولت فراہم کرتے ہوئے کوئی نیا فیصلہ نہیں کیا بلکہ دستوری گنجائش کے مطابق یہ فیصلہ کیا گیا ۔ متحدہ آندھراپردیش میں تلگو کے ساتھ اردو کو مسلمہ حیثیت دی گئی تھی اور پبلک سرویس کمیشن کے امتحانات اردو میں منعقد کئے جاتے رہے۔ انہوں نے کہا کہ شیڈول 8 میں ہندوستان کی 22 زبانوں کو شامل کیا گیا ہے جو عوام میں زیادہ بولی جاتی ہے۔ انہوں نے کہا کہ 22 زبانوں میں اردو شامل ہے اور ہر شہری کو یونین پبلک سرویس کمیشن اور ریاستوں کے پبلک سرویس کمیشن امتحانات مذکورہ 22 زبانوں میں سے تحریر کرنے کا حق حاصل ہے۔ انہوں نے کہا کہ حقائق جانے بغیر بی جے پی ارکان پارلیمنٹ کی بیان بازی کا مقصد نوجوانوں کو مشتعل کرنا ہے ۔ انہوں نے کہا کہ پرامن اور ترقی کی سمت پیشرفت کرنے والی تلنگانہ ریاست میں ماحول بگاڑنے کی کوششیں افسوسناک ہے۔ انہوں نے کہا کہ نریندر مودی 2014 ء میں وزیراعظم کے عہدہ پر فائز ہوئے اور آج تک بھی ہر سال پبلک سرویس کمیشن کے امتحانات شیڈول 8 کی زبانوں میں منعقد کئے جارہے ہیں۔ آئی اے ایس ، آئی پی ایس ، آئی ایف ایس اور دیگر سیول سرویس جائیدادوں کے امتحانات کے اردو میں انعقاد کی گنجائش موجود ہے۔ تلنگانہ حکومت نے دستور کے مطابق ہی فیصلہ کیا ہے ۔ ونود کمار نے بتایا کہ دستور سازوں نے شیڈول 8 میں جن زبانوں کو شامل کیا، ان کے تحت مسابقتی امتحانات کا انعقاد حکومتوں کی ذمہ داری ہے۔ ر