گروہ بندی ختم نہ ہوئی تو ہم ختم ہو جائیں گے: جیتو پٹواری

   

بھوپال: مدھیہ پردیش کانگریس کے صدر جیتو پٹواری نے پارٹی کارکنوں سے اپیل کی ہے کہ وہ ریاست میں پارٹی کو مضبوط کریں اور گروہ بندی سے دور رہیں۔ یہ بیان 27 جنوری کو مَھو میں کانگریس کے گرانڈ پروگرام کے پیش نظر دیا گیا۔ کارکنوں سے خطاب کرتے ہوئے پٹواری نے کہا اگرگروہ بندی ختم نہ ہوئی تو مدھیہ پردیش میں کانگریس کا وجود ختم ہو جائے گا۔ ہمیں خوشامدی لوگوں سے دور رہنا ہوگا، جو ہر سیاسی پارٹی میں موجود ہوتے ہیں۔ یہ بیان پارٹی کے اندر بڑھتی ہوئی گروہ بندی کے خدشات کے بعد سامنے آیا ہے۔ حال ہی میںکانگریس کے کچھ سینئر رہنماؤں، بشمول سابق چیف منسٹرکمل ناتھ، نے شکایت کی تھی کہ ریاستی قیادت پارٹی کے پروگراموں کے فیصلے کرتے وقت ان سے مشورہ نہیں کررہی۔ تاہم کمل ناتھ نے بعد میں میڈیا رپورٹس کی تردید کی۔ دوسری جانب سابق چیف منسٹردگ وجے سنگھ نے ان قیاس آرائیوں کو مسترد کردیا کہ جیتو پٹواری سینئر رہنماؤں کے ساتھ غیرآرام دہ ہیں۔ انہوں نے میڈیا سے کہا کہ ان کی پٹواری کے ساتھ بہترین ہم آہنگی ہے۔ دریں اثنا حکمراں بی جے پی نے کانگریس پر طنزکرتے ہوئے کہا کہ جیتو پٹواری کے کانگریس چیف بننے کے بعد سے گروہ بندی میں اضافہ ہوا ہے۔ بی جے پی مدھیہ پردیش میڈیا انچارج آشیش اگروال نے کہا یہ سب جانتے ہیں کہ جیتو پٹواری کے عہدہ سنبھالنے کے بعد سے ایم پی کانگریس میں گروہ بندی عروج پر ہے۔ مَھو پروگرام کے پیش نظر، جیتو پٹواری مالوا-نیمار علاقے کے دورے کر رہے ہیں۔