کار اور دیگر گاڑیوں کی اعظم ترین رفتار کا تعین ، عصری آلات کے ذریعہ گاڑیوں پر نظر
حیدرآباد۔26۔ مئی (سیاست نیوز) حکومت نے گریٹر حیدرآباد کے حدود میں مختلف گاڑیوں کی رفتار کی اعظم ترین حد مقرر کرتے ہوئے اعلامیہ جاری کیا ہے۔ حکومت کے احکامات کے تحت کار کی رفتار شہر میں 60 کیلو میٹر فی گھنٹہ تک محدود ہونی چاہئے جبکہ ڈیوائیڈرس کے بغیر والی سڑک پر یہ رفتار 50 کیلو میٹر فی گھنٹہ ہونا چاہئے۔ کالونی کی سڑکوں پر کار کی اعظم ترین رفتار 30 کیلو میٹر فی گھنٹہ مقرر کی گئی ہے۔ بائیکس ، بس اور دیگر گاڑیوں کیلئے ڈیوائیڈرس والی سڑک پر رفتار کو 50 کیلو میٹر فی گھنٹہ مقرر کیا گیا جبکہ بغیر ڈیوائیڈر کی سڑک پر 40 کیلو میٹر فی گھنٹہ کی رفتار مقرر کی گئی ہے۔ کالونی کی سڑکوں پر اعظم ترین رفتار 30 کیلو میٹر ہونی چاہئے ۔ مرکزی حکومت کی گاڑیوں پر ریاستی حکومت کے شرائط کا اطلاق نہیں ہوگا۔ گاڑیوں کی رفتار کی حد متعین کرنے کے بعد ٹرانسپورٹ ڈپارٹمنٹ کی جانب سے سی سی ٹی وی کیمروں اور عصری آلات کے ذریعہ تیز رفتار گاڑیوں کی نشاندہی کی جارہی ہے۔ پولیس ، جی ایچ ایم سی ، ایچ ایم ڈی اے، آر اینڈ بی ، آر ٹی اے اور نیشنل ہائی وے اتھاریٹی آف انڈیا نے گاڑیوں کی رفتار کے تعین پر اتفاق کیا ہے۔ جوائنٹ کمشنر ٹرانسپورٹ نے شہر میں گاڑیوں کی رفتار پر قابو پانے کیلئے حکومت سے درخواست کی تھی جس کے بعد رفتار کا تعین کیا گیا۔ر