گمبھیر نے ’فٹ انڈیا‘ مہم کو سراہا

   

نئی دہلی، 30 اگست (آئی اے این ایس) ہندوستانی کرکٹ ٹیم کے ہیڈ کوچ گوتم گمبھیر نے اتوار کے روز حکومت کی ’فٹ انڈیا‘ پہل کو محض ایک تقریب کے بجائے ایک ’تحریک‘ قرار دیتے ہوئے کہا کہ ایک زیادہ صحت مند اور فٹ ہندوستان زیادہ مضبوط اور خود کفیل ملک بنے گا۔گمبھیر نئی دہلی میں منعقدہ ’سنڈے آن سائیکل ود برکس رن اینڈ رائیڈ‘ پروگرام کے موقع پر گفتگو کر رہے تھے، جہاں انہوں نے مرکزی وزیر منسکھ لال منڈاویہ اور اداکارہ مدھوریما ٹولی کے ساتھ سائیکلنگ کی سرگرمی میں حصہ لیا۔گمبھیر نے کہا، ’’حکومت کی جانب سے منعقد کیا جانے والا یہ فٹ انڈیا پروگرام ایک شاندار پہل ہے، کیونکہ میرا ماننا ہے کہ ہندوستان جتنا زیادہ فٹ ہوگا، اتنا ہی زیادہ مضبوط ہوگا اور اتنا ہی زیادہ خود کفیل بنے گا۔ اس لیے ہمیں اسے محض ایک تقریب کے طور پر نہیں بلکہ ایک تحریک کے طور پر دیکھنا چاہیے۔اس پروگرام میں معروف شخصیات اور فٹنس کے شوقین افراد نے شرکت کی۔ اس کا مقصد سائیکلنگ اور فعال طرز زندگی کو فروغ دینا تھا۔ گمبھیر نے خود سائیکلنگ میں حصہ لے کر اس مہم کی حمایت کی۔ہندوستان کے سابق کرکٹر گمبھیر ہمیشہ سے فٹنس اور نظم و ضبط کی اہمیت پر زور دیتے رہے ہیں۔ ان کی اس پروگرام میں شرکت نے حکومت کی جانب سے شروع کی گئی اس پہل کو کھیلوں کا رنگ بھی دیا، جس کا مقصد شہریوں کو صحت مند طرز زندگی اپنانے اور جسمانی سرگرمیوں میں زیادہ سے زیادہ حصہ لینے کی ترغیب دینا ہے۔