حیدرآباد۔ 24 نومبر (سیاست نیوز) گورنر تلنگانہ جشنو دیو ورما نے راج بھون کے اسٹاف اور ان کے خاندانوں کے لئے میگا میڈیکل اسکریننگ کیمپ کا افتتاح کیا۔ کالوجی نارائن راؤ یونیورسٹی آف ہیلت سائنسس اور نیشنل سرویس اسکیم (این ایس ایس) کے اشتراک سے راج بھون کے کمیونٹی ہال میں میڈیکل کیمپ منعقد کیا گیا۔ گورنر جشنودیو ورما نے راج بھون کے ملازمین اور ان کے افراد خاندان کی بہتر صحت کی نگہداشت کے لئے ایلوپیتھی، آیورویدا، ڈنٹل اور پیرا میڈیکل ٹیموں کا انتظام کیا تاکہ معائنہ کے علاوہ ادویات دی جاسکیں۔ ایلوپیتھی اور آیورویدا کے ماہر ڈاکٹرس نے معائنہ کیا اور ادویات تجویز کیں۔ گورنر نے ہر شخص کے لئے باقاعدگی کے ساتھ ہیلت اسکریننگ کو لازمی قرار دیا۔ انہوں نے راج بھون کے اسٹاف اور ان کے افراد خاندان سے بات چیت کی اور علاج کی سہولتوں کے بارے میں واقف کرایا۔ راج بھون کے اسٹاف نے ہیلت کیمپ کے انعقاد پر گورنر سے اظہار تشکر کیا جہاں کنسلٹیشن کے علاوہ ادویات فراہم کی گئیں۔1