گولڈن تلنگانہ ماڈل کو گجرات سے کمتر قرار دینا افسوسناک : کے ٹی آر

   

حیدرآباد۔/6 مارچ، ( سیاست نیوز) بی آر ایس کے ورکنگ پریسیڈنٹ کے ٹی راما راؤ نے انتہائی دُکھ کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ چیف منسٹر ریونت ریڈی میں تلنگانہ کی روح نہیں ہے اور انہیں تلنگانہ کا احترام ملحوظ نہیں ہے یہی وجہ ہے کہ وزیر اعظم نریندر مودی کی موجودگی میں انہوں نے تلنگانہ کی عزت نفس پر وار کیا۔ سوشیل میڈیا پلیٹ فارم ایکس پر کے ٹی آر نے لکھا ایسے افراد کا چیف منسٹر کے عہدہ پر فائز ہونا عوام کی بدقسمتی ہے۔ ریونت ریڈی نے تلنگانہ کی عزت نفس کے تحفظ کے بجائے اسے کمتر انداز میں پیش کیا ہے۔ گول مال گجرات ماڈل کو گولڈن تلنگانہ ماڈل سے تقابل کرنا تلنگانہ کی توہین ہے۔ حیدرآباد عظیم روایتی گنگا جمنی تہذیب کی علامت ہے جبکہ گجرات فسادات اور فرقہ وارانہ سیاست کیلئے شہرت رکھتا ہے۔ کل تک ریونت ریڈی نے گجرات ماڈل پر تنقید کی تھی لیکن وزیر اعظم کے بازو نشست ملتے ہی گجرات ماڈل کی تعریف کرنے لگے۔ کے ٹی آر نے کہا کہ تلنگانہ ماڈل کا مطلب یکساں ترقی اور فلاح و بہبود ہے۔ کئی ریاستوں نے تلنگانہ ماڈل کو اختیار کیا ہے۔ انہوں نے سوال کیا کہ نریندر مودی کے قدموں میں 4 کروڑ تلنگانہ عوام کی عزت نفس کو پیش کرنا کہاں تک درست ہے۔ انہوں نے کہا کہ تاریخ ریونت ریڈی کو معاف نہیں کرے گی۔1