حیدرآباد۔ 27 نومبر(سیاست نیوز) گولکنڈہ حدود میں آٹو ڈرائیور کی لاپرواہی کے سبب خوفناک حادثہ پیش آیا جس میں 7 افراد شدید طور پر زخمی ہوگئے۔ بتایا جاتا ہے کہ زخمیوں آٹو ڈرائیور اور دو طلبہ کی حالت نازک ہے۔ تفصیلات کے مطابق انجینئرنگ کے طلبہ امتحانی مرکز جانے کیلئے آٹو میں سوار ہوئے۔ یہ آٹو رام دیو گوڑہ علاقہ میں سڑک کے کنارے ٹھہری ہوئی آٹو ٹرالی سے ٹکراگیا جس کے سبب یہ حادثہ پیش آیا۔ حادثہ میں معمولی طور پر زخمی دیگر طلبہ نے گولکنڈہ پولیس کو بتایا کہ آٹو ڈرائیور کی لاپرواہی کے سبب یہ حادثہ پیش آیا جو اسٹیرنگ پر سیل فون رکھ کر گانے سن رہا تھا۔ آٹو ڈرائیور ملیش اپنے کانوں میں ایئر فونس لگاکر گانوں کا مزہ لیتے ہوئے آٹو چلا رہا تھا۔ ملیش کے علاوہ کارتک اور وویک کی حالت تشویشناک ہے جبکہ ترون ریڈی، سوراج اور ہری کرشنا زخمی ہوئے جن کا علاج جاری ہے۔ پولیس نے مقدمہ درج کرلیا ہے۔ ع