گھٹکیسر میں سرقہ کی سنگین واردات، دو کروڑ نقد رقم اور 28 تولے سونے کی چوری

   

حیدرآباد 22 ستمبر (سیاست نیوز) گھٹکیسر کے علاقہ پوچارم آی ٹی کوریڈر پولیس حدود میں آج صبح کی ابتدائی ساعتوں میں ایک مکان میں سرقہ کی واردات پیش آئی۔ تفصیلات کے مطابق بی ناگا بھوشنم 76 سالہ اور اس کی بیوی پدما 60 سالہ آئی ٹی کوریڈر علاقہ میں رہ رہے تھے۔ چند دن قبل ناگا بھوشنم نے شنکر پلی میں واقع 10 ایکر اراضی کو فروخت کے لئے ایک خریدار سے اڈوانس کے طور پر ایک کروڑ روپئے نقد رقم حاصل کی۔ ناگا بھوشنم آج صبح کسی کام سے گھر کو قفل ڈال کر روانہ ہوا اور واپس آنے پر دیکھا کہ قفل ٹوٹا ہوا ہے۔ ناگا بھوشنم کی بیوی پدما نے پولیس میں شکایت درج کرائی کہ الماری سے دو کروڑ نقد رقم اور 28 تولہ سونے کے زیورات کا سرقہ ہوچکا ہے۔ پولیس نے مقدمہ درج کرتے ہوئے ہر زاویہ سے تحقیقات کررہی ہے کہ مکان میں دو کروڑ نقد رقم کیسے آئی وغیرہ۔ مقدمہ درج کرتے ہوئے سی سی ٹی وی کیمروں کی جانچ کی جارہی ہے اور کلوز ٹیم کو طلب کرلیا گیا۔ (ش)