مندر فریق کی درخواست گزار راکھی سنگھ کا کیس واپس لینے کا اعلان
وارانسی : گیان واپی مسجد اور شرنگار گوری مندر کیس میں اتوار کو بڑا موڑ آتا ہوا نظر آرہا ہے۔ وشو ویدک سناتن سنگھ نے وارانسی کی اس مشہور مسجد کے احاطہ میں واقع شرنگار گوری کے مستقل درشن اور پوجا ارچنا کیلئے عدالت میں داخل عرضی واپس لینے کا اعلان کیا ہے۔سناتن سنگھ کے سربراہ جتیندر سنگھ بسین نے اتوار کو خود یہ اطلاع دی۔ جتیندر بسین کی قیادت میں ہی ان کی بھتیجی راکھی سنگھ سمیت پانچ خواتین نے وارانسی کی ضلع عدالت میں عرضی داخل کی تھی۔ جتیندر سنگھ نے میڈیا کو بتایا کہ راکھی سنگھ کل دہلی سے وارانسی پہنچیں گی اور مندر فریق کی طرف سے اپنا مقدمہ واپس لیں گی۔ حالانکہ انہوں نے اچانک مقدمہ واپس لینے کے پیچھے کی وجہ نہیں بتائی۔ دہلی کی راکھی سنگھ ، لکشمی دیوی ، سیتا ساہو اور دیگر کی یومیہ پوجا اور شرنگار گوری میں انوشٹھان کرنے کی اجازت کی مانگ کرنے والی عرضی پر مذہبی مقام کی ویڈیو گرافی اور سروے کرنے کیلئے اسی عدالت کے پہلے کے حکم پر عمل شروع کیا گیا ہے۔ وہ 18 اپریل 2021 کو اپنی عرضی کے ساتھ عدالت سے رجوع ہوئے تھے اور مخالفین کو مورتیوں کو نقصان پہنچانے سے روکنے کی مانگ کی تھی۔ان کی عرضی پر عدالت کے ذریعہ مقرر کردہ کورٹ کمشنر نے جمعہ کو وارانسی کی ایک عدالت کے حکم پر گیان واپی۔ شرنگار گوری احاطہ میں گیان واپی مسجد کے باہر کچھ علاقوں کی ویڈیو گرافی اور سروے کیا تھا۔ اس کے بعد مسلم فریق نے عدالت کے ذریعہ مقرر کردہ کمشنر کو تبدیل کرنے کی عرضی داخل کی تھی ، جس پر وارانسی کے سول جج ( سینئر ڈویژن) روی کمار کی عدالت میں ہفتہ کی صبح سماعت ہوئی۔ عدالت نے عرضی پر سماعت کے بعد اگلی سماعت 9 مئی کو کرنے تک فیصلہ محفوظ رکھ لیا تھا۔