نئی دہلی: ایک پینٹر حادثہ میں اپنے دونوں ہاتھوں سے محروم ہوگیا تھا، وہ پینٹنگ کا کام کرتا تھا لیکن ہاتھ کھودینے کی وجہہ سے وہ برش پکڑنے کے قابل نہیں تھا لیکن اب اس کی حالت بدل گئی ہے اوروہ بہت جلد کام پر واپس لوٹ سکتا ہے کیونکہ دہلی کے ڈاکٹروں نے ایک برین ڈیڈ خاتون کے دونوں ہاتھ اس شخص کو لگادئیے ہیں۔اس کے دو ہاتھ ٹرانسپلانٹ کیے گئے، اس کامیاب آپریشن کے ساتھ ہندوستانی ڈاکٹروں نے طبی تاریخ میں ایک نئی تاریخ رقم کی ہے، تفصیلات کے مطابق 45 سالہ شخص 2020 میں ٹرین حادثہ میں اپنے ہاتھ کھو بیٹھا تھا۔ اسی دوران جنوبی دہلی کے ایک اسکول میں کام کرنے والی مینا مہتا نامی خاتون حال ہی میں برین ڈیڈ ہوگئی۔ اس نے مرنے کے بعد اپنے اعضاء عطیہ دینے کا پہلے ہی اعلان کیا تھا۔خاتون کی وصیت کے مطابق اس کے ہاتھ دہلی کے ایک پینٹر کو عطیہ کئے گئے۔ اس سرجری میں گنگارام ہاسپٹل کے ڈاکٹروں کے حیرت انگیز سرجری کی۔ ڈاکٹروں نے تقریباً 12 گھنٹے تک آپریشن کیااور بالآخر اُن کی محنت رنگ لائی ۔