نئی دہلی: اتراکھنڈ ہائی کورٹ نے ریاستی حکومت کے ذریعہ پورے ہری دوار ضلع کو’’ذبح سے پاک زون‘‘ قرار دینے کے نوٹیفکیشن پر بڑا فیصلہ سنایا ہے۔ ہائی کورٹ نے ریاستی حکومت کی جانب سے جاری کردہ ہدایت پر روک لگا دی ہے اورہری دوارمیں عیدالاضحیٰ کے موقع پر قربانی کی اجازت دے دی۔واضح رہے کہ عدالت نے ضلع کی منگلور میونسپلٹی کے ایک مسلخ میں قربانی کی اجازت دی ہے۔چیف جسٹس وپن سنگھی اور جسٹس آر سی کھلبے کی ڈویڑن بنچ نے اپنی ہدایت میں کہا کہ عید الاضحی کے دن صرف میونسپلٹی میں قانونی طور پر چلنے والے مذبح خانوں میں جانوروں کو ذبح کیا جانا چاہئے۔واضح رہے کہ گزشتہ سال 3 مارچ کو اتراکھنڈ کی بی جے پی حکومت نے ہری دوار ضلع میں شہری بلدیاتی اداروں (دو میونسپل کارپوریشن، دو میونسپل کونسل اور پانچ نگر پنچایت) کو ’’ذبح سے پاک زون‘‘ قرار دیا تھا۔ محکمہ شہری ترقی کی یہ ہدایت کمبھ میلہ سے پہلے آئی ہے۔ اس علاقہ کے بی جے پی ایم ایل اے نے پہلے اس وقت کے چیف منسٹرترویندر سنگھ راوت کو ایک خط لکھا تھا جس میں مطالبہ کیا گیا تھا کہ ہری دوار جیسے مذہبی شہر میں مذبح خانوں کی اجازت نہیں ہونی چاہیے۔ہری دوار کے رہنے والے فیصل حسین نے اس ہدایت کے خلاف ہائی کورٹ سے رجوع کیا۔ فیصل حسین نے دلیل دی کہ جانوروں کو ذبح کرنا اسلام میں ایک ضروری مذہبی عمل ہے اور عیدالاضحی کے تہوار کے لیے منگلور کے مذبح خانوں میں جانوروں کی قربانی کی اجازت ہونی چاہیے۔