ہریانہ میں ہندو مہا پنچایت کا جلسہ انتباہ کے باوجود نفر ت انگیز تقاریر

   

پالویل : ہریانہ کے نوح سے قریب واقع ہندو مہا پنچایت نے ایک اور جلسہ منعقد کیا جبکہ انہیں ایسا نہ کرنے کا انتباہ دیا گیا تھا ۔ جلسہ میںایک مقرر نے کہا کہ اگر کسی نے ہماری طرف انگلی اٹھائی تو اس کا ہاتھ کاٹ دیا جائے گا ۔ این ڈی ٹی وی کی رپورٹ کے مطابق ایک دیگر مقرر نے رائفلوں کے حصول کیلئے لائسنس جاری کرنے کا مطالبہ کیا ۔ رپورٹ کے مطابق پولیس نے منتظمین کو سخت انتباہ دیا تھا کہ وہ نفرت انگیز تقاریر نہ کریں لیکن پولیس کے انتباہ کو نظرانداز کردیا گیا ۔ پالویل ۔ نوح سرحد کے قریب پونڈیر گاؤں میں جلسہ منعقد کیا گیا تھا جبکہ صرف دو ہفتہ قبل ہی یہاں پھوٹ پڑنے والے فرقہ وارانہ فسادات میں چھ افراد ہلاک ہوگئے تھے ۔قبل ازیں جلسہ کا انعقاد نوح ڈسٹرکٹ کے کیرا گاؤں میں ہونے والا تھا لیکن حکام نے لاء اینڈ آرڈر کی تازہ ترین صورتحال کو مدنظر رکھتے ہوئے جلسہ کی اجازت نہیں دی ۔