حیدرآباد۔/23 فروری، ( سیاست نیوز)چیف منسٹر کے چندر شیکھر راؤ نے وزیر فینانس ہریش راؤ کو ڈائنامک لیڈر قرار دیتے ہوئے بھرپور ستائش کی ہے۔ ملنا ساگر ذخیرہ آب کی افتتاحی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے چیف منسٹر نے کالیشورم پراجکٹ کی تعمیر میں ہریش راؤ کے اہم رول کا تذکرہ کیا اور کہا کہ ہریش راؤ ایک ڈائنامک لیڈر اور حرکیاتی وزیر ہیں۔ انہوں نے کہا کہ آبپاشی پراجکٹس کی تعمیر میں دشواریوں کو دور کرنے میں ہریش راؤ کے رول کو فراموش نہیں کیا جاسکتا۔ چیف منسٹر نے پراجکٹ کی تعمیر سے زیر آب آنے والے گاؤں کے عوام کو مناسب انصاف کا تیقن دیا۔ انہوں نے کہا کہ تاریخ میں آج تک اراضیات کا اس قدر معاوضہ ادا نہیں کیا گیا جو ٹی آر ایس حکومت ادا کررہی ہے۔ بعض افراد نے گھٹیا حرکتیں کی تاکہ رکاوٹ پیدا ہو لیکن ان کی سازشوں کا مقابلہ کرتے ہوئے ہم آگے بڑھ رہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ ہر متاثرہ شخص کو معاوضہ دیا جائے گا جنہوں نے پراجکٹس کیلئے اپنی اراضیات کی قربانی دی ہے۔ کسی بھی علاقہ سے ناانصافی نہیں ہوگی۔ انہوں نے کہا کہ سارے ایشیاء میں پہلی مرتبہ متاثرین کیلئے بازآبادکاری کالونی تعمیر کی گئی۔ ہریش راؤ غیر معمولی صلاحیتوں کے حامل وزیر ہیں اور انہوں نے ہر کسی کے ساتھ انصاف کیا ہے۔ چیف منسٹر نے ہریش راؤ کو مشورہ دیا کہ اراضیات سے محروم افراد کو معاوضہ کے علاوہ روزگار کی فراہمی کے اقدامات کئے جائیں۔ ر