ہما داس سیمی فائنل میں اورسندھو پری کوارٹر فائنل میں داخل

   

برمنگھم: بھارتی کھلاڑی ہِما داس نے جمعرات کو 2022 دولت مشترکہ کھیل میں خواتین کے 200 میٹر کی ریس میں سیمی فائنل میں جگہ بنالی ہے۔ سابق عالمی جونیئر چیمپئن اور ایشیائی کھیلوں کی 400 میٹر دوڑ میں چاندی کا تمغہ جیتنے والی ہما داس نے الیگزینڈر اسٹیڈیم میں ہیٹ 2 میں پہلے نمبر پر رہنے کے لیے 23.42 سیکنڈ کا وقت لیا۔ 200 میٹر ریس میں کل 48 کھلاڑیوں نے حصہ لیا تھا، جنہیں چھ ہیٹس میں تقسیم کیا گیا تھا۔ ہر ہیٹ سے ٹاپ تین رنرز جمعہ کے سیمی فائنل کے لیے کوالیفائی کر چکے ہیں۔اس کے ساتھ ہی بیڈمنٹن میں پی وی سندھو نے مالدیپ کی کھلاڑی کے خلاف یک طرفہ جیت درج کی ہے۔ سندھو نے فاطمہ کو سیدھے سیٹوں میں 21-4، 21-11 سے شکست دی۔ اس کے ساتھ ہی اس نے پری کوارٹر فائنل میں جگہ بنا لی ہے۔ دولت مشترکہ کھیل 2022 میں اب تک بھارت نے مجموعی طور پر 18 تمغے جیت چکا ہے۔ جن میں پانچ طلائی، چھ چاندی اور سات کانسی کے تمغے شامل ہیں۔ بھارت تمغوں کی تعداد میں ساتویں نمبر پر ہے۔ چھٹے دن بھارت کو کل پانچ تمغے حاصل ہوئے۔ ساتویں دن بھی ایتھلیٹکس اور پیرا پاور لفٹنگ میں تمغوں کی توقع ہے۔