ہند وستان میں فیسٹول سیزن کا شاندار آغاز

   

ای کامرس کمپنیوں نے پہلے دو دنوں میں ریکارڈ24 ہزار کروڑ روپئے کی اشیاء فروخت

حیدرآباد : 12 اکٹوبر ( سیاست نیوز) ملک بھر میں تہواروں کے سیزن کا آغاز انتہائی شاندار انداز ہوا ہے ۔ مارکیٹ ریسرچ فرم ریڈ یرا اسٹریٹیجی کنسلٹنٹس کی جاری کردہ تازہ ترین رپورٹ کے مطابق بڑی ای کامرس کمپنیوں نے تہوار کی فروخت کے محض پہلے دو دنوں میں ہی تقریباً 24 ہزار کروڑ روپئے کی اشیاء فروخت کر کے ایک نیا ریکارڈ قائم کیا ہے ۔ مختلف مقبول پلیٹ فارمس جیسے کہ Flipkart – Meesho – Amazon اور Ajio کے ذریعہ ملک بھر کے صارفین نے زبردست جوش و خروش کا مظاہرہ کرتے ہوئے پہلے دو دنوں میں 8 سے 9 کروڑ آڈرس دیئے ۔ رپورٹ کے مطابق اس سال آف لائن خریداری میں صارفین کی اولین ترجیح الکٹرانکس اور اسمارٹ فونس رہے ہیں ۔ مجموعی فروخت میں 38سے 40 فیصد کا سب سے بڑا حصہ اسمارٹ فونس کا رہا ، جنہوں نے 9100 سے 9600 کروڑ روپئے کا کاروبار کیا ۔ گھریلو و الکٹرانک اشیء نے جملہ فروخت کا 25 سے 27 فیصد حاصل کرتے ہوئے 6000 کروڑ کا کاروبار کیا ہے ۔ فیشن کٹیگری کا حصہ اس دوران 18فیصد ریکارڈ کیا گیا ۔ ای کامرس پلیٹ فارمس پر خریداروں کی دلچسپی کا اندازہ اس بات سے لگایا جاسکتا ہے کہ فروخت کے ان پہلے دو دنوں میں ملک بھر کے 6سے 6.5 کروڑ لوگوں نے آن لائن شاپنگ کی ۔ اس کے علاوہ شہروں میں فوری ترسلی کی سہولت والے ٹیک کامرس پلیٹ فارمس پر بھی آڈرس کی رفتار عام دنوں کے مقابلے میں 4 سے 5 گنا زیادہ بڑھ گئی ہے ۔2
ماہرین کا ماننا ہے کہ تہواروں کے اس سیزن میں ای کامرس انڈسٹری پچھلے تمام ریکارڈ توڑنے کی طرف گامزن ہے ۔2