ہندوستان عالمی سطح پر خلائی تحقیق کا مرکز بن سکتا ہے : گورنر سوندرا راجن

,

   

اے پی جے عبدالکلام کے نام سے تقاریب کا افتتاح

حیدرآباد۔ گورنر تلنگانہ ڈاکٹر ٹی سوندرا راجن نے کہا کہ ہندوستان میں اس قدر صلاحیت موجود ہے کہ وہ عالمی سطح پر خلائی تحقیق کا مرکز بن سکتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ ہندوستان کے سائنسدانوں میں قابلیت اور ذہانت کی کوئی کمی نہیں اور سٹیلائیٹس لانچنگ کے معاملہ میں ہندوستان دنیا میں اپنا منفرد مقام رکھتا ہے۔ گورنر نے کہا کہ خلائی تحقیق کے معاملہ میں ہندوستان دنیا کے ’ ٹاپ6 ‘ ممالک میں شامل ہے اور حکومت کے تعاون سے خلائی تحقیق میں مزید پیشرفت ہوگی۔ گورنر نے ڈاکٹر اے پی جے عبدالکلام اسپیس ریسرچ پے لوڈ کیوبس چیلنج 2021 کا آن لائن افتتاح انجام دیا۔ ڈاکٹر اے پی جے عبدالکلام انٹرنیشنل فاؤنڈیشن رامیشورم نے تقریب کا اہتمام کیا تھا۔ ڈاکٹر سوندرا راجن نے کہا کہ ہندوستان کئی شعبہ جات بشمول خلائی تحقیق میں غیر معمولی ترقی کی طرف پیشقدمی کررہا ہے۔ انہوں نے کہا کہ وکرم سارا بھائی، اے پی جے عبدالکلام، ستیش دھون اور دیگر کئی نامور سائنسدانوں نے ملک کی خلائی تحقیق کو بامِ عروج پر پہنچایا ہے۔ گورنر نے انجینئرنگ ٹکنالوجی اور سائنس کے طلبہ پر زور دیا کہ وہ ملک کے وقار میں اضافہ کیلئے اپنی خدمات پیش کریں۔ گورنر نے اسکول کی سطح سے بچوں میں خلائی تحقیق سے متعلق جذبہ پیدا کرنے کیلئے شعور بیداری کا مشورہ دیا۔