چین، ساؤتھ کوریا اور امریکن کمپنیوں میں سخت مسابقت، ViVo کی مارکٹ میں 20 فیصد حصہ داری
حیدرآباد۔ 20 ستمبر (سیاست نیوز) موبائیل فون کے استعمال میں یوں تو دنیا بھر میں غیر معمولی اضافے کا رجحان دیکھا جارہا ہے لیکن مختلف تبدیلیوں اور اضافی سہولتوں کے ساتھ تیار کئے جانے والے موبائیل فونس کو مارکٹ میں زیادہ مقبولیت حاصل ہوئی ہے جن میں اسمارٹ فونس سرفہرست ہیں۔ اسمارٹ موبائیل فون کی ہندوستان میں غیر معمولی مانگ دیکھی گئی ہے اور 6 کمپنیوں نے مارکٹ پر اپنا کنٹرول برقرار رکھا ہے۔ ایک سروے کے مطابق ہندوستان کی اسمارٹ فون مارکٹ میں فروخت ہونے والے مختلف برانڈس کے فونس میں ViVo سرفہرست ہے جس کی مجموعی مارکٹ میں حصہ داری 18 تا 20 فیصد درج کی گئی ہے۔ سامسنگ کے اسمارٹ فونس مارکٹ میں 17.9 فیصد حصہ داری کے ساتھ دوسرے مقام پر ہیں۔ Oppo اور XiaoMi اسمارٹ فونس کی ہندوستانی مارکٹ میں حصہ داری اعلیٰ الترتیب 13.1 اور 12.6 فیصد درج کی گئی ہے۔ realme کے اسمارٹ فونس 9.9 فیصد فروخت کئے جارہے ہیں۔ اسمارٹ فون کی ہندوستانی مارکٹ میں Apple نے بھی 9.2 فیصد کے ساتھ بہتر مظاہرہ کو ثابت کیا ہے۔ ماہرین کے مطابق ہندوستان کی اسمارٹ فون مارکٹ میں جن موبائیل فونس نے مقبولیت کے ریکارڈ قائم کئے ہیں ان کے ذریعہ چین، ساؤتھ کوریا اور امریکہ کی موبائیل کمپنیوں کے درمیان سخت مسابقت دیکھی جارہی ہے۔ ہندوستان میں مہنگے موبائیل فونس کا استعمال ایک فیشن بن چکا ہے اور یہی وجہ ہے کہ موبائیل کمپنیوں نے مختلف اسکیمات کے ذریعہ متوسط طبقات کو بھی مہنگے اسمارٹ فونس کی خریدی کے لئے بہ آسانی راغب کیا ہے۔ ملک میں سماج کا کوئی طبقہ اور عمر کا کوئی حصہ ایسا نہیں جو اسمارٹ فون کے استعمال کو ترجیح نہ دے۔ ایک اندازہ کے مطابق اسمارٹ فون تیار کرنے والی کمپنیوں کو خود ان کے ممالک میں اس قدر کاروبار نہیں جتنا کہ انہیں ہندوستان میں مل رہا ہے۔ 1؍F