ہندوستان میں معاشی ابتری، مودی حکومت کی غلط پالیسیاں ذمہ دار

,

   

سرمایہ کار مستقبل اور سرمایہ پر متفکر، سوشیل میڈیا پر ڈاکٹر منموہن سنگھ کے بیان کی گشت

حیدرآباد۔یکم‘ستمبر(سیاست نیوز) ملک میں معاشی ابتری کیلئے مودی حکومت کی غلط پالیسیاں ذمہ دار ہیں اور حکومت کی جانب سے اختیار کئے گئے رویہ کے سبب سرمایاکار اپنے مستقبل اور سرمایہ کے متعلق فکر مند ہیں۔ سابق وزیر اعظم ڈاکٹر منموہن سنگھ کی جانب سے معاشی حالات پر جاری کردہ بیان سوشل میڈیا پرتیزی سے گشت کر رہا ہے اور ماہرین معاشیات کی جانب سے ان کے اس بیان کو حقیقت پر مبنی قرار دیتے ہوئے کہا جا رہاہے کہ ملک کے حالات میں سدھار کے لئے فوری طور پر معاشی پالیسی میں ترمیم کرتے ہوئے حالات کو بہتر بنانے پر توجہ مرکوز کئے جانے کی ضرورت ہے۔ ڈاکٹر منموہن سنگھ جو کہ ماہر معاشیات ہونے کے علاوہ ایک سنجیدہ شہری ہیں نے اپنے ویڈیو پیام میں ملک کی معاشی ابتری کیلئے موجودہ وزیر اعظم کی غلط پالیسیوں کو ذمہ دار قرار دیتے ہوئے کرنسی تنسیخ کے فیصلہ کو انسانی غلطی سے تعبیر کیا اور کہا کہ اس انسانی غلطی کے سبب معاشی حالات ابتر ہوتے جا رہے ہیں اس کے علاوہ جلدبازی میں جس طرح جی ایس ٹی کے نفاذ کا فیصلہ کیا گیا اس کے باعث بھی حالات میں سدھار کا کوئی امکان نہیں ہے۔ سوشل میڈیا کے مختلف پلیٹ فارم ٹوئیٹر‘ فیس بک ‘ واٹس اپ کے علاوہ دیگر پر ڈاکٹر من موہن سنگھ کے اس ویڈیو کو تیزی سے پھیلایا جا رہاہے جس میں انہوں نے ملک کی معاشی بد حالی پر تشویش کا اظہار کرتے ہوئے بے روزگاری ‘ معاشی انحطاط ‘ دیہی آمدنی ‘ زرعی مزدوروں کی حالت اور کسانو ںکی حالت کو انتہائی نازک قرار دیا ۔ سوشل میڈیا پر ڈاکٹر منموہن سنگھ کے موقف کی سراہنا کرتے ہوئے کہا جا رہاہے کہ ڈاکٹر منموہن سنگھ نے ملک کو درپیش حالات میں خاموشی اختیار نہیں کی بلکہ حقائق کو منظر عام پر لاتے ہوئے حکومت کو مشورہ دیا کہ وہ معاشی ابتری سے نمٹنے کیلئے اقدامات کریں۔وزیر اعظم نریندر مودی کو سابق وزیر اعظم کے اس ویڈیو کے منظر عام پر آنے کے بعد شدید تنقیدیں کی جانے لگی ہیں اور کہا جار ہاہے کہ صرف ایک انسان کی غلطی کاخمیازہ پورا ملک بھگت رہا ہے ۔سوشل میڈیا پر کئے جانے والے تبصروں میں حکومت کو نشانہ بناتے ہوئے پالیسیوں پر تنقید کی جا رہی ہے اورحکومت کو مشورہ دیا جا رہاہے کہ اگروہ ان حالات سے ملک کو فوری باہر لانے کے موقف میں نہیں ہے تو ماہرین معاشیات سے مشورہ کریں اور حالات کو بہتر بنانے کیلئے اقدامات کرے کیونکہ اگر یہی صورتحال رہی تو ملک کے معاشی حالات میں مزید ابتری پیدا ہوگی اور بے روزگاری کی شرح میں اضافہ ہوگا۔