تکنیکی خرابی کی وجہ سے 35 منٹ کی تاخیر ۔ وزیر اعظم نریندر مودی نے تاریخی سنگ میل قرار دیا
سری ہری کوٹا (آندھرا پردیش)، 18 جولائی (یو این آئی) تکنیکی خرابی کے باعث 35 منٹ کی تاخیر کے بعد ہندوستان کا پہلا خانگی طور پر تیار کیا گیا مدار میں جانے والا راکٹ وکرم-1 ہفتہ کو دوپہر 12 بج کر 5 منٹ پر سری ہری کوٹا کے ستیش دھون خلائی مرکز (شار رینج) سے کامیابی کے ساتھ روانہ کیا گیا۔راکٹ کے پرواز بھرنے کے فوراً بعد اسرو نے کہاکہ لفٹ آف معمول کے مطابق رہا۔”36 گھنٹے پر مشتمل ہموار الٹی گنتی مکمل ہونے کے بعد 22 میٹر بلند اور 40 ٹن وزنی راکٹ کی روانگی کی تمام تیاریاں مکمل تھیں، لیکن خودکار لانچ سیکوئنس شروع ہونے کے بعد ایک تکنیکی خرابی سامنے آئی، جس کے باعث پرواز کو کچھ دیر کیلئے موخر کرنا پڑا۔ خرابی دور کئے جانے کے بعد تمام سسٹم کی حتمی جانچ کیلئے 20 منٹ کی نئی الٹی گنتی شروع کی گئی، جس کے بعد راکٹ نے بادلوں سے ڈھکے آسمان کے درمیان شاندار انداز میں دوپہر 12:05 بجے پہلی لانچ پیڈ سے پرواز بھری۔تقریباً 14 منٹ کے سفر کے بعد راکٹ 60 ڈگری کے زاویہ جھکاؤ کے ساتھ زمین کے نچلے مدار میں 450 کلومیٹر کی بلندی تک پہنچے گا۔مشن کنٹرول سینٹر میں موجود سائنس دان، جن میں اسرو کے چیئرمین ڈاکٹر وی نارائنن اور راکٹ ساز خانگی کمپنی اسکائی روٹ ایرو اسپیس ماہرین بھی شامل تھے راکٹ کی پرواز پر گہری نظر رکھے ہوئے ہیں۔وزیر اعظم نریندر مودی نے وکرم-1 مشن کو ہندوستان کے خلائی سفر میں ایک تاریخی سنگِ میل قرار دیتے ہوئے اس کی ستائش کی۔ انہوں نے کہا کہ یہ مشن ملک کے نوجوانوں کی صلاحیت، عزم اور کاروباری جذبے کی عکاسی کرتا ہے ، ساتھ ہی یہ بھی ظاہر کرتا ہے کہ ہندوستان کے خلائی شعبے میں کی گئی اصلاحات اختراع اور نجی صنعت کیلئے نئے مواقع پیدا کر رہی ہیں۔مشن کے علامتی پے لوڈز میں وزیر اعظم نریندر مودی کا اپنے ہاتھ سے لکھا ہوا ایک پوسٹ کارڈ بھی شامل ہے ، جس پر وندے ماترم درج ہے ۔