یمنی وزیر دفاع کے قافلے پر بڑا حملہ

   

محاصرہ اور یرغمال بنائے جانے کی اطلاعات
عدن:10ستمبر ( یو این آئی ) یمن کے وزیر دفاع طاہر العقیلی کے قافلے پر صوبہ الضالع میں حملہ کیا گیا، جس کے بعد قافلہ کچھ دیر کے لیے محاصرے میں رہا۔بعض رپورٹس میں وزیر دفاع کو یرغمال بنائے جانے کا دعویٰ بھی سامنے آیا، تاہم تازہ اطلاعات کے مطابق قبائلی ثالثی کے بعد وہ وہاں سے نکل گئے۔مقامی رپورٹس کے مطابق مسلح افراد نے وزیر دفاع کے قافلے پر فائرنگ کی، جس کے نتیجے میں ان کے دو محافظ اور ایک بچہ زخمی ہوئے۔ حملے کے بعد قافلے نے ایک فوجی کیمپ میں پناہ لی، جسے مسلح افراد نے گھیرے میں لے لیا تھا۔رپورٹس کے مطابق حملہ آوروں نے سابق وزیر دفاع محسن الداعری کی سعودی عرب میں حراست کے معاملے پر طاہر العقیلی کے ساتھ مطالبات رکھے تھے۔ بعد ازاں قبائلی ثالثی کے ذریعے محاصرہ ختم کرایا گیا اور وزیر دفاع کو وہاں سے روانہ ہونے کی اجازت دے دی گئی۔