چندرائن گٹہ میں بھی اسکول ، حکومت سے تیاریاں مکمل
حیدرآباد۔10 ۔اکٹوبر(سیاست نیوز) ریاستی حکومت کی جانب سے معلنہ انٹگریٹیڈ ریسڈنشل اسکول کامپلکس جو کہ 20 ایکڑ پر محیط ہوں گے ان کا تلنگانہ کے 28 مقامات پر جمعہ 11 اکٹوبر کو ینگ انڈیا ریسڈینشل اسکولوں کا سنگ بنیاد رکھا جائے گا۔شہر حیدرآباد کے حلقہ اسمبلی چندرائن گٹہ میں بھی انٹگریٹیڈ اسکول کے قیام کے سلسلہ میں 11 اکٹوبر کو سنگ بنیاد تقریب منعقد کی جائے گی۔ چیف منسٹر مسٹر اے ریونت ریڈی شادنگر میں قائم کئے جانے والے ینگ انڈیا رہائشی اسکول کی سنگ بنیاد تقریب میں حصہ لیں گے۔ چیف سیکریٹری حکومت تلنگانہ محترمہ شانتی کماری نے یہ بات بتائی ۔ انہوں نے بتایا کہ چیف منسٹر کی ہدایت پر ریاست میں شعبہ تعلیم کے معیار کو بہتر بنانے کے سلسلہ میں کئے جانے والے اقدامات کے طور پر پہلے مرحلہ میں 28مقامات پر ان اسکولوں کا سنگ بنیاد رکھا جا رہاہے ۔ چیف سیکریٹری نے بتایا کہ ریاست میں ان اسکولوں کے قیام کے ذریعہ تعلیم کے معیار کو بین الاقوامی طرز پر پہنچانے کے اقدامات کئے جا رہے ہیں ۔ چیف سیکریٹری حکومت تلنگانہ نے متعلقہ ضلع کلکٹرس کے ہمراہ منعقدہ اجلاس کے دوران 11 اکٹوبر کو منعقد ہونے والی ان سنگ بنیاد تقاریب کی تیاریوں کا جائزہ لیا اور کہا کہ سنگ بنیاد کی ان تقاریب کے انعقاد کے سلسلہ میں کوئی کوتاہی نہیں ہونی چاہئے ۔ ٹیلی کانفرنس کے ذریعہ منعقدہ اس اجلاس میں پرنسپل سیکریٹری محکمہ تعلیم مسٹر بی وینکٹیشم سیکریٹری سی ایم او مسٹر اجیت ریڈی کے علاوہ اسپیشل کمشنر محکمہ اطلاعات و تعلقات عامہ موجودتھے ۔انہوں نے عہدیداروں کو ہدایت دی کہ وہ وہ متعلقہ وزراء اور ضلع سے تعلق رکھنے والے منتخبہ عوامی نمائندوں کو اس تقریب کے لئے مدعو کریں ۔ چیف سیکریٹری نے بتایا کہ جن 28 مقامات پر اراضی کی نشاندہی کی جاچکی ہے ان مقامات پر حکومت کی منظوری کے بعد ینگ انڈیا رہائشی اسکولوں کے قیام کے لئے سنگ بنیاد رکھنے کافیصلہ کیاگیا ہے اور جن حلقہ جات اسمبلی میں یہ سنگ بنیاد رکھا جائے گا ان میں کوڑنگل ‘ مدھیرا‘ حسن آباد‘ نلگنڈہ ‘ حضور نگر‘ منتھنی ‘ ملگ‘ پالیرو‘ کھمم ‘ ورنگل‘ کولہا پور‘ اندول منچریال ‘ بھوپال پلی ‘ اچم پیٹ‘ اسٹیشن گھن پور‘ تنگتورتھی‘ منوگوڑو‘ چینورو‘ شادنگر‘ پرکالہ ‘ نارائن کھیڑ‘ دیورکدرہ ناگرکرنول‘ منکندور‘ نرسم پیٹ کے علاوہ شہر حیدرآباد کا حلقہ اسمبلی چندرائن گٹہ شامل ہے۔ چیف سیکریٹری محترمہ شانتی کماری نے عہدیداروں کو ہدایت دی کہ ان تقاریب کے اہتمام کرتے ہوئے تہوار کا ماحول پیدا کریں اور مقامی عوام کو بھی ان تقاریب میں شرکت کا موقع فراہم کریں اور حکومت کے اس پروگرام کے متعلق شعور اجاگر کریں۔3
ٹی ۔ کنسلٹ اور کوئین آف فلپائینس میں
یادداشت مفاہمت
حیدرآباد ۔ 10 ۔ اکٹوبر : ( سیاست نیوز) : حیدرآباد میں حال میں شروع کردہ ایک سائبر ستیہ گرہ مومنٹ ، ٹی ۔ کنسلٹ نے ، جس کا مقصد سائبر پیس کانفرنسیس ڈیجیٹل لٹریسی کیمپنس کے ذریعہ سائبر تشدد ، غلط معلومات کی فراہمی اور ڈیجیٹل ابیوس جیسے مسائل سے نمٹنا ہے ۔ کل ٹی ۔ ہب پر فلپائن کی کوئین مریم لیونار ٹاریس کے ساتھ ایک یادداشت مفاہمت پر دستخط کئے ۔ اس موقع پر مخاطب کرتے ہوئے کوئین مریم نے کہا کہ فلپائن میں چوٹی کانفرنس میں ٹی ۔ کنسلٹ کی موجودگی آنکھ کھول دینے والی تھی ۔ انہوں نے فلپائن اور ٹی ۔ کنسلٹ کے درمیان اس شاہی اتحاد کی ستائش کی ۔ انہوں نے انسانوں کا خیال رکھنا اور ان کے ساتھ ہمدردی کرنے کی اہمیت کو اجاگر کیا ۔ بعد ازاں ٹی ۔ کنسلٹ چیرمین سندیپ کمار مکتھالہ نے کوئین کو دنیا کے بڑے اینویشن کیمپس ، ٹی ۔ ہب کا ٹور کروایا ۔ انہوں نے ٹی ۔ ہب کے ملازمین کے ساتھ بتکماں میں بھی حصہ لیا ۔۔