نئی دہلی: انسالوینسی اینڈ بینگرپسی کوڈ (آئی بی سی) کے تحت یونائیٹڈ نیوز آف انڈیا (یو این آئی) کے احیا کے عمل میں آگے بڑھتے ہوئے ، نیشنل کمپنی لا ٹربیونل (این سی ایل ٹی) کے ذریعہ مقرر کردہ ریزولوشن پروفیشنل نے دلچسپی رکھنے والے ممکنہ سرمایہ کاروں سے ایکسپریشن آف انٹریسٹ(ای اوآئی ) طلب کیے ہیں ۔مئی میں، این سی ایل ٹی نے 62 سالہ کمپنی کے کارپوریٹ انسالوینسی ریزولوشن پروسیس (سی آئی آر پی) کا آغاز کیا، جو کہ ملک کی سب سے قدیم اور معتبر خبر رساں ایجنسیوں میں سے ایک ہے ، اور پوجا باہیری، جو کہ انسالوینسی کے معاملات میں گہرا تجربہ رکھتی ہیں، کو عبوری ریزولوشن پروفیشنل (آئی آر پی ) کے طور پر مقرر کیا تھا۔ یواین آئی ایک دہائی سے زائد عرصے سے مالی مشکلات سے دوچار ہے اور ریزولوشن پروسیس کا مقصد مالی حالات کو بہتر بنانا ہے ۔یواین آئی کا قیام ایک کثیر لسانی ایجنسی کے طورپر 1961عمل میں آیا جو 3 زبانوں انگریزی، ہندی اور اردو میں 460 سے زائد سبسکرائبرز کو فوٹوز کے ساتھ ساتھ خبریں فراہم کرتی ہے جن میں ملک بھر میں میڈیا ادارے ، سرکاری محکمے اور سیاسی پارٹیاں شامل ہیں۔آئی بی سی کے تقاضے کے مطابق محترمہ باہیری نے کل ایک عوامی نوٹس جاری کیا ہے ، جس میں ‘‘ ممکنہ ریزولوشن کے درخواست دہندگان سے ایکسپریشن آف انٹریسٹ (ای اوآئی ) طلب کیا گیا ہے ، جو ان معیارات کو پورا کرتے ہیں جو کریڈیٹرز کمیٹی کی منظوری کے ساتھ ان کی طرف سے طے کیے گئے ہیں ۔’’یواین آئی انگلش اور یواین آئی وارتاکی ویب سائٹوں پر موجود اور ملک بھر کے مختلف اخبارات میں شائع ہوئے نوٹس کے مطابق درخواست موصول ہونے کی آخری تاریخ 31 اگست 2023 ہے ۔اس میں کہا گیا ہے کہ ریزولوشن کے درخواست دہندگان ریزولوشن پلانز کے ساتھ کمپنی کی ریزولوشن پروفیشنل سے رجوع کر سکتے ہیں ۔