لکھنو : اتر پردیش میرٹھ کے کالندی گاؤں میں ایک افسوسناک واقعہ پیش آیا، جہاں اتوار کی شام 8 سالہ عافیہ نامی بچی کو گولی مار کر قتل کر دیا گیا۔پولیس کے مطابق حملہ آور دراصل عافیہ کے بھائی ساحل کو قتل کرنے آئے تھے، لیکن گولی بچی کو لگ گئی جس سے اس کی موت ہوگئی۔پولیس نے بچی کی نعش کو پوسٹ مارٹم کیلئے بھیج دیا اور حملہ آوروں کی تلاش شروع کر دی ہے۔ ابتدائی تحقیقات سے پتہ چلا کہ یہ واقعہ 2 سال پرانے جھگڑے کا نتیجہ ہے۔ تھانہ انچارج پرتاپ سنگھ نے بتایا کہ ساحل کا گاؤں کے کچھ لوگوں سے جھگڑا ہوا تھا،اور اسی دشمنی کی وجہ سے حملہ آور آج شام حملہ کرنے آئے تھے۔ جیسے ہی فائرنگ ہوئی، عافیہ درمیان میں آگئی اور گولی اس کے سینے میں لگی، جس سے وہ ہاسپٹل پہنچنے سے پہلے ہی دم توڑ گئی۔