تہران : روسی صدر ولادیمیر پوٹن کا کہنا ہے کہ نارڈ اسٹریم 1 کی بحالی کے مسائل کی وجہ سے یورپ کو گیس کی ترسیل میں مزید کمی ہو سکتی ہے۔ انہوں نے یہ بات ایران اور ترکی کے سربراہان کے ساتھ سہ فریقی ملاقاتوں کے دوران تہران میں کہی۔روس کے صدر ولادیمیر پوٹن نے منگل کے روز کہا کہ چونکہ نارڈ اسٹریم 1 پائپ لائن سالانہ مرمت اور دیکھ بھال کی وجہ سے مکمل طور پر فعال نہیں ہے، جس کے باعث یورپ کے لیے گیس کی سپلائی میں مزید کمی کی جا سکتی ہے۔ یہ گیس پائپ لائن براعظم یورپ تک روسی گیس کی ترسیل کا کلیدی ذریعہ ہے۔بحیرہ بالٹک سیگزرتی ہوئی روس سے جرمنی تک جانے والی یہ پائپ لائن، اس برس 24 فروری کو یوکرین پر ماسکو کے حملے کے آغاز کے بعد سے، شدید نگرانی کی زد میں ہے۔نارڈ اسٹریم 1 یومیہ تقریباً 167 ملین کیوبک میٹر گیس ترسیل کرنے کی گنجائش رکھتی ہے، تاہم اس کی مالک روس کی سرکاری کمپنی گیزپروم نے گزشتہ ماہ اس کا حجم کم کر کے صرف 67 ملین کیوبک میٹر کر دیا تھا۔ اس کے علاوہ، یہ پائپ لائن فی الحال سالانہ مرمت اور دیکھ بھال کے لیے بند ہے، تاہم یہ مدت جمعرات کو ختم ہونے والی ہے۔