یوکرین نے دنیا کو تیسری جنگ عظیم کے دہانے پر پہنچادیا:روس

   

ماسکو : روسی رکن پارلیمان میخائل شیریمیٹ نے کہا ہے کہ یورپ کی حمایت سے کی گئی یوکرینی دراندازی نے دنیا کو عالمی جنگ کے قریب پہنچا دیا ہے۔ میخائل شیریمیٹ نے اپنے بیان میں کہاکہ مغربی گولا بارود اور میزائلوں سے روس پر حملوں سے دنیا تیسری عالمی جنگ کے دہانے پر پہنچ گئی ہے۔ ناٹو اور مغرب نے روس پر حملے میں یوکرین کی مدد کی۔ ان کا کہنا ہے کہ کرسک میں آپریشن کا منصوبہ ناٹو اور یورپی اسپیشل سروسز نے بنایا۔ واضح رہے کہ یوکرینی فوج نے 6 اگست کو سرحد پار کر کے جارحیت شروع کی تھی،جس کے بعد کرسک سے 2 لاکھ سے زائد افراد انخلاپر مجبور ہوگئے۔ دوسری جانبامریکہ میں روسی سفیر اناتولی انتونوف کا کہنا ہے کہ یوکرین نارڈ اسٹریم گیس پائپ لائنوں پر حملہ امریکی اجازت کے بغیر نہیں کر سکتا تھا۔ انہوں نے ایک بیان میں کہا ہے کہامریکہ تمام ذمہ داری اپنی یوکرینی کٹھ پتلیوں پر ڈالنا چاہتا ہے۔ روس نارڈ اسٹریم گیس پائپ لائنوں پر حملہ کرنے والوں کی نشاندہی کرکے انہیں سزا دے گا۔ امریکی جریدے کے مطابق یوکرینی اعلیٰ فوجی کمانڈر نے گیس پائپ لائنوں پر 2022ء کے حملے کی منظوری دی تھی۔ امریکی جریدے کا مزید کہنا ہے کہ امریکی سینٹرل انٹیلی جنس ایجنسی نے یوکرینی صدر زیلنسکی کو بم باری نہ کرنے کی وارننگ بھی دی تھی۔