یوکرین کا روس پر حملہ، 5 افراد ہلاک

   

کیف : یوکرین کی جانب سے روس کے علاقے بلگورود پر حملہ کیا گیا ہے۔ غیر ملکی خبر رساں ادارے کے مطابق حملے میں 5 افراد ہلاک اور 37 زخمی ہو گئے ہیں۔ کلسٹر بموں سے یوکرینی حملے میں ہلاک افراد میں خاتون بھی شامل ہے۔ میڈیا رپورٹس کے مطابق زخمیوں میں سے 7 کی حالت نازک بتائی جا رہی ہے۔ دوسری جانب یوکرین کے صدر زیلنسکی نے ایئر فورس کمانڈر کو برطرف کر دیا۔ واضح رہے کہ گزشتہ روز یوکرین کا ایف 16 لڑاکا طیارہ روسی حملے کو ناکام بناتے ہوئے گر کر تباہ ہو گیا تھا۔ یوکرینی فوج نے اپنے بیان میں کہا تھا کہ ایف 16 طیارہ کا پائلٹ بھی ہلاک ہو گیا ہے، طیارہ کا روسی حملے کو ناکام بنانے کے دوران رابطہ منقطع ہوا تھا۔ امریکی دفاعی حکام کا کہنا تھا کہ ایف 16 طیارہ کا تباہ ہونا روسی حملہ کا نتیجہ نہیں، طیارہ کے تباہ ہونے کی وجہ ممکنہ طور پر پائلٹ کی غلطی ہوسکتی ہے۔ خبر ایجنسی کے مطابق یوکرین کو رواں ماہ ہی امریکہ سے 6 ایف 16 لڑاکا طیارہ ملے تھے، یوکرینی صدر زیلنسکی نے 4 اگست کو ایف 16 طیارہ استعمال کرنے کا اعلان کیا تھا۔