جماعت اسلامی ہند نے کورونا وبا کو لے کر وزیر اعظم مودی کو خط لکھ کرکی بڑی اپیل

,

   

دہلی : ”ملک میں کووڈ کے بڑھتے خطرات کو روکنے کے لئے سماجی ، مذہبی اور سیاسی جماعتوں کے ساتھ مل کر حکومت کام کرے تو بہتر نتائج سامنے آسکتے ہیں ۔ اس کے ساتھ ہی اخلاقی اقدار کی پاسداری اور سماجی انصاف اور صحت کے شعبے میں زیادہ سے زیادہ بجٹ مختص کرکے اس وبائی خطرے کی تباہ کاری کو کم کیا جاسکتا ہے ۔“ یہ باتیں جماعت اسلامی ہند کے امیر سید سعادت اللہ حسینی نے کل جماعت کے مرکز میں ہونے والی آن لائن کانفرنس کے دوران ایک سوال کے جواب میں کہی“۔ انہوں نے کہا کہ جماعت کی جانب سے وزیر اعظم ہند کو خط لکھ کر ان مذکورہ نکات کی طرف توجہ دلائی گئی ہے۔کانفرنس کے افتتاحی خطاب میں جماعت کے نائب امیر پروفیسر محمد سلیم انجینئر نے کہا کہ اس وقت پورے ملک میں کووڈ کا جال پھیلا ہوا ہے اور اس میں انسانی جانیں بڑی تعداد میں ضائع ہورہی ہیں ، جس کو روکنے کے لئے حکومت اور عوامی سطح پر کوشش جاری ہے ، مگر خاطر خواہ فائدہ حاصل نہیں ہورہا ہے ۔ اس میں سرکاری اور عوامی دونوں سطح پر مل کر مزید بہتر کرنے کی ضرورت ہے ۔ جماعت اسلامی ہند اپنے محدود وسائل کے ساتھ ملک بھر میں کام کررہی ہے۔