خان لطیف خاں اسٹیٹ میں آتشزدگی ، کوئی جانی نقصان نہیں

,

   

فتح میدان علاقہ میں گہرا دھواں، پانچویں منزل پر کال سنٹر اے سی یونٹ میں شارٹ سرکٹ کا شبہ، مقدمہ درج

حیدرآباد ۔ 23جنوری ( سیاست نیوز) شہر کے مشہور خان لطیف خان اسٹیٹ میں مہیب آتشزدگی کا واقعہ پیش آیا جس کے بعد شہر کے قلب میں سنسنی پھیل گئی ۔ تفصیلات کے بموجب آگ لگنے کا واقعہ ایک تا دیڑھ بجے کے درمیان پیش آیا جس کے بعد مقامی پولیس کو اطلاع ملنے پر عابڈس پولیس کی ٹیم جائے حادثہ پر پہنچ گئی ۔ آگ کے ایل کے اسٹیٹ کی پانچویں منزل میں واقع اڈوانٹیج ون کال سنٹر میں لگنے کے نتیجہ میں اسمبلی ، گولی گوڑہ ، سکریٹریٹ اور دیگر فائر اسٹیشنوں سے فائر انجن کو طلب کرلیا گیا ۔ آگ کی شدت انتہا کو پہنچنے کے نتیجہ میں فائر انجن عملہ نے ہائیڈرولک کرینس کا استعمال کیا ۔ اس واقعہ کے بعد فتح میدان ، بشیر باغ اور عابڈس جانے والی ٹریفک بری طرح متاثر ہوگئی اور پولیس نے فائر انجنس کو گرین چینلس کے ذریعہ جائے حادثہ پر پہنچنے کیلئے فتح میدان روڈ کو عام ٹریفک کیلئے مکمل طور پر بند کردیا تھا ۔ آگ لگنے کے اس واقعہ کے پیش نظر مقامی پولیس ، جی ایچ ایم سی عملہ بالخصوص ڈیزاسٹر ریسپانس فورس ( ڈی آر ایف ) کا عملہ چوکس ہوگیا اور کے ایل کے اسٹیٹ کی عمارت میں پھنسے ہوئے اڈوانٹیج ون کال سنٹر کے تقریباً 300ملازمین کو وہاں سے کامیاب طور پر باہر نکال لیا گیا ۔ متاثرہ عمارت کے تمام تجارتی اداروں و دکانات کو پولیس نے بند کروا دیا اور بلڈنگ کی برقی سربراہی کو بند کردیا ۔ آگ لگنے کے نتیجہ میں فتح میدان کے اطراف و اکناف کے علاقوں میں گہرا دھواں پھیل گیا تھا ۔ اس واقعہ کی اطلاع ملنے پر ایڈیشنل کمشنر لا اینڈ آر مسٹر ڈی ایس چوہان ، ڈپٹی کمشنر پولیس سنٹرل زون پی وشوا پرساد اور ڈسٹرکٹ فائر آفیسر سرینواس ریڈی بھی جائے حادثہ پر پہنچ کر راحت کاری کاموں کا راست طور پر معائنہ کیا ۔ افرا تفری کے ماحول کو قابو میں کرنے کیلئے حیدرآباد سٹی پولیس کی ریاپڈ ایکشن فورس اور کوئیک ری ایکشن ٹیم کو بھی کے ایل کے اسٹیٹ کے اطراف متعین کردیا گیا تھا ۔ اس سلسلہ میں ڈی سی پی سنٹرل زون پی وشوا پرساد نے ’سیاست نیوز‘ سے بات کرتے ہوئے کہا کہ اس حادثہ میں کوئی جانی نقصان نہیں ہوا ہے ۔اس آپریشن کے دوران ڈی آر ایف کا ایک جوان بھی دم گھٹنے کے نتیجہ میں بے ہوش ہوگیا اور اسے فوری دواخانہ منتقل کیا گیا ۔ انہوں نے کہا کہ شبہ ہیکہ کال سنٹر کے اے سی یونٹ میں شارٹ سرکٹ کے نتیجہ میں یہ واقعہ پیش آیا ہوگا ۔ اسی دوران متاثرہ بلڈنگ سے گورنمنٹ ماڈل اسکول کے طلبہ کو فوری وہاں سے باہر نکال لیا گیا ۔ عابڈس پولیس نے اس سلسلہ میں ایک مقدمہ درج کرتے ہوئے تحقیقات کا آغاز کیا ہے ۔ بتایا جاتا ہے کہ جی ایچ ایم سی انجنیئرنگ ونگ متاثرہ عمارت کا معائنہ کرے گی اور اس سلسلہ میں کمشنر جی ایچ ایم سی کو رپورٹ پیش کی جائے گی ۔