رہزنوں کی تین رکنی ٹولی گرفتار

   

ڈپٹی کمشنر پولیس ویسٹ زون اے آر سرینواس کی پریس کانفرنس
حیدرآباد ۔ /17 جنوری (سیاست نیوز) رہزنی میں ملوث تین رکنی ٹولی کو بنجارہ ہلز پولیس نے گرفتار کرلیا ۔ ڈپٹی کمشنر پولیس ویسٹ زون مسٹر اے آر سرینواس نے کہا کہ ایک تلگو ٹی وی چیانل سے وابستہ آفس بوائے کے مہیش /10 جنوری کی شب بنجارہ ہلز کے اے سی بی دفتر کے قریب سے گزررہا تھا کہ تین نامعلوم افراد نے اسے روک کر شراب کیلئے پیسے طلب کئے اور انکار کرنے پر اس کے چہرے پر بلیڈ سے وار کردیا ۔ رہزنوں نے مہیش کا اسمارٹ فون اور نقد رقم لوٹ کر وہاں سے فرار ہوگیا ۔ بنجارہ ہلز پولیس نے مہیش کی شکایت موصول ہونے پر ایک مقدمہ درج کرتے ہوئے تحقیقات کا آغاز کیا اور سی سی ٹی وی کیمروں کی مدد سے رہزنوں کی شناخت کرتے ہوئے 18 سالہ محمد اسمعیل ساکن حکیم پیٹ ٹولی چوکی ، 21 سالہ محمد فیصل ساکن بنجارہ ہلز اور 20 سالہ محمد احمد ساکن اڈہ گٹہ سکندرآباد کو حراست میں لے لیا اور تفتیش کرنے پر ملزمین نے رہزنی کا انکشاف کیا ۔ بنجارہ ہلز پولیس نے گرفتار رہزنوں کے قبضے سے مسروقہ ریڈمی اسمارٹ فون ، نقد رقم اور ایک گاڑی بھی ضبط کرلی ۔ ڈی سی پی سرینواس نے کہا کہ محمد فیصل سابق میں علاقہ لنگر حوض میں رہزنی کی وارداتوں میں ملوث ہے ۔ گرفتار ملزمین کو عدالت میں پیش کرتے ہوئے جیل بھیج دیا گیا ۔